لاہور(احتشام الحق) پاکستان کی پی ایس ایل سکس کے بقیہ میچ یکم جون سے کراچی میں شروع ہوں گے ۔ اس سلسلہ میں پی سی بی کے ترجمان نے 92نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پی ایس ایل کے میچوں کے سلسلہ میں مسلسل این سی او سی سی رابطہ میں ہیں اور ان ہی کی اجازت سے پی سی بی پی ایس ایل سکس کے بقیہ میچ کرانے کا اعلان کیا اور شیڈول دیا تھا جس کے مطابق یہ میچ یکم جون سے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں منعقد ہوں گے ۔ پی سی بی ترجمان سمیع الحسن کے مطابق مختلف قسم کی افواہیں گردش کرتی رہتی ہیں جن میں کوئی صداقت نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فرنچائز کی مشاورت سے ہی شیڈول بنایا گیا تھا اور گزشتہ ہفتہ کھلاڑیوں کا سپلیمنٹری ڈرافٹ بھی ہوا۔ پی سی بی کوئی بھی فیصلہ کرے گی تو اس کی بنیاد این سی او سی کی ہدایات ہی ہوں گی۔ ترجمان کے مطابق تاحال پی سی بی کو پی ایس ایل کے میچ کراچی میں نہ کرانے کی کوئی ہدایت نہیں دی گئی۔ لہٰذا ایونٹ اپنے اعلان کردہ شیڈول کے مطابق ہی ہو گا۔ یاد رہے کہ بعض حلقوں کی جانب سے ایونٹ دبئی منتقل کرنے کی بات کی جا رہی ہے مگر پی سی بی ترجمان نے اسے رد کرتے ہوئے کہا کہ ایسی کوئی تجویز ان کے علم میں نہیں ہے ۔