مکرمی !وزیراعظم ہمیشہ نوجوان نسل کو اپنے بہت قریب سمجھتے ہیں اور اکثر یہ دعوی کرتے ہیں کہ پاکستان کا بہترین مستقبل نوجوان نسل کے ہاتھوں میں ہے مگر شاید خان صاحب اس قوم کے قیمتی اثاثے یعنی بے روزگار نوجوان نسل کے مسائل کو جان بوجھ کر نظر انداز کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ خان صاحب کی حکومت نے بے روزگار نوجوانوں کے لئے ڈھائی سال کے عرصے میں جن سکیموں کا اعلان کیا وہ بد قسمتی سے ماضی کی حکومتوں کی طرح صرف مایوسی پھیلانے کا سبب بنی کامیاب نوجوان اسکیم کے پہلے فیز میں لاکھوں بے روزگار نوجوانوں نے درخواستیں جمع کرائی مگر صرف چند نوجوانوں کو اس سکیم میں کئی مشکلات کا سامنے کرنے کے بعد رقم حاصل ہوئی چھ ماہ پہلے ایک بار پھر وزیر اعظم کی جانب سے کامیاب جوان اسکیم کے سکینڈ فیز کا اعلان کیا گیا ۔ایک بار پھر لاکھوں بے روزگار نوجوانوں نے اُمید کا دامن تھامے ایک بار پھر اپنی قسمت کو آزمانے کی کوشش میں درخواستیں فارم جمع کرائیںمگر چھ ماہ گزار جانے کے باوجود اب تک بینکوں کی جانب سے ان بے روزگار نوجوانوں سے کسی سطح پر کوئی رابطہ نہیں کیا گیا خاص کر کراچی شہر جہاں نوجوانوں کے ایک بڑے طبقے کو بے روزگاری کا سامنا ہے۔ لاکھوں نوجوان اس سکیم کی حقیقی بحالی کے منتظر ہیں یہ محترم وزیر اعظم عمران خان صاحب کی اولین زمہ داری ہے کہ وہ فوری طور پر اس سکیم میں روکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے اس کو خاص کر کراچی کے بے روزگار نوجوانوں کے لئے فعال بنانے میں اپنا اہم مئوثر کردار ادا کریں ۔ (محمد اکر م خالد کراچی)