لاہور( سپورٹس رپورٹر) قومی کرکٹرز بھی کرونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث لوگوں کو آگاہی دینے کیلئے میدان میں آ گئے اور شہریوں کوگھروں میں رہ کر احتیاط کا مشورہ دیدیا ۔قومی ٹیم کے سابق کپتان اور تجربہ کار آل راؤنڈر محمد حفیظ نے قوم کو کورونا وائرس سے متعلق احتیاطی تدابیر کے حوالے سے ویڈیو پیغام دیا ہے اور کہا ہے کہ لوگ بار بار ہاتھ دھوئیں،دوسروں کو ملنے سے گریز کریں۔ شاہد آفریدی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ہم پر ذرا بھی مشکل وقت آتا ہے تو صاحب استطاعت طبقہ مارکیٹوں سے چیزیں خرید کر اپنے گھروں میں جمع کر لیتا ہے ۔شاہد آفریدی نے عوام سے درخواست کی کہ غریب لوگوں کی مدد کریں، ایسے موقع پر ایک ملک بن کر دکھانا ہے ۔ حسن علی نے قوم کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اپنے اور اپنے گھر والوں کا خیال کریں، بار بار ہاتھ دھوئیں۔ ہم بطور ایک قوم مل کر اس وائرس کو شکست دے سکتے ہیں، آئیں ہم سب مل کر اپنے ملک کو کورونا سے پاک کریں، بعد ازاں حسن علی نے پاکستان زندہ بادکا نعرہ بھی لگایا۔پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے کہا کہ ہمیں ملک کو کرونا سے محفوظ بنانے کا وعدہ کرنا ہوگا۔ ٹشو یا رومال کے استعمال کو یقینی بنانا ہوگا۔ شعیب ملک نے کہا کہ شہری ہاتھ ملانا یا گلے ملنے سے پرہیز کریں، سپنر شاداب خان نے کہا کہ ہمیں غیر ضروری گھومنے پھرنے سے اجتناب کرنا ہوگا اور اپنے ہاتھوں کو صابن یا سینیٹائزر سے دھو کر رکھنا ہوگا۔ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے کہا کہ 23 مارچ 1940 کو ہمارے بڑوں نے ایک عہد کیا تھا کہ آج ہمیں بھی ایک عہد کرنا ہوگا کہ احتیاطی تدابیر اختیار کرکے ہم نے کورونا وائرس شکست دینی ہے ۔ جویریہ خان نے کہا کہ 23 مارچ کے نتیجہ میں پاکستان معرض وجود میں آیا تھا اور آج ہمیں بھی ایک عہد کرنا ہوگا کہ احتیاط اور صرف احتیاط کے ذریعے ہمیں کرونا وائرس کو شکست دینا ہوگی۔