نیویارک (این این آئی)اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں خواتین،بچے مسلح جیل میں رہ رہے ، بھارت کے قبضے میں کشمیر ی عوام کی زندگی ایک قبرستان کی خاموشی میں مسلح پنجرے میں رہنے جیسی ہے ۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی تیسری کمیٹی کے اجلاس میں ملیحہ لودھی نے بتایا کہ رات میں چھاپوں کے دوران بڑی تعداد میں بچوں کو اٹھالیا جاتا ہے ، تشدد اور زبردستی گرفتاریوں کی وہ داستانیں وسیع پیمانے پر پھیلی ہوئی ہیں کہ کس طرح بچوں سمیت ہزاروں لوگوں کو بغیر کسی وجہ کے گھرسے لے جایا گیا۔انہوں نے عالمی برادری اور یونیسیف سے مطالبہ کیا کہ وہ ان کی امداد کے لیے آئیں۔ملیحہ لودھی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلسل لاک ڈاؤن نے خواتین کے درد و تکلیف کو بڑھا دیا ، بھارتی فورسز نے رات کی تاریکی میں ماؤں سے ان کے بچے چھینے ، پھر انہیں غیرقانونی طور پر رکھا گیا اور کچھ بچے کبھی واپس نہیں آئے ۔