سرینگر(آن لائن،این این آئی) کشمیر میں عام شہریوں کی فورسز کے ہاتھوں ہلاکت پر امریکہ ، برطانیہ سمیت عالمی برادری نے شدید تشویش ظاہر کی ہے ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اسلامی ممالک کی عالمی تنظیم او آئی سی نے بھی شہری ہلاکتوں کو انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر او آئی سی کے ایجنڈا پے سرفہرست ہے اور بھارت کی جانب سے اقوام متحدہ کی ٹیم کو کشمیر کا دورہ کرنے کی اجازت نہ دینا قابل افسوس ہے ۔علاوہ ازیں مقبوضہ کشمیرکے ضلع پلوامہ میں ایک حملے میں بھارتی فوج کی سینٹرل ریزروپولیس فورس کا ایک اہلکار زخمی ہو گیا ۔مقبوضہ کشمیرمیں حریت رہنمائوں نے معروف آزادی پسند اعجاز احمد ڈار کے 30ویں یوم شہادت پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا ، سید علی گیلانی نے معرکہ کو لگام قاضی گنڈ میں شہید مجاہدین کو بھی خراج عقیدت پیش کیا اور کہا عوام آپس میں اتحاد قائم رکھیں۔