کولکتہ(نیٹ نیوز)بھارتی شہر کولکتہ میں اپوزیشن جماعتوں کی وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف ’متحد انڈیا‘ ریلی میں 5 لاکھ افراد نے شرکت کی جسے عام انتخابات سے قبل اب تک کی سب سے بڑی ریلی تصور کیا جارہا ہے ۔کولکتہ پولیس کے چیف راجیو کمار نے ریلی میں5 لاکھ افرادکی شرکت کی تصدیق کی ہے جبکہ منتظمین کے خیال میں شرکاء کی تعداد پولیس کی بیان کردہ تعداد سے کہیں زیادہ تھی۔ریلی کے موقع پراپوزیشن رہنماؤں کی تقایر دکھانے کے لیے 20 بڑی سکرینیں نصب کی گئی تھیں جبکہ ریلی کی سکیورٹی کے لیے 5 ہزار اضافی اہلکار تعینات کئے گئے تھے ۔ اے ایف پی کے مطابق ریاست مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بینرجی نے ریلی کے دوران کہا لوگوں کی شرکت سے دکھائی دیتا ہے کہ مودی حکومت اپنی اختتامی مدت کے قریب پہنچنے والی ہے ۔گانگریس کے صدر راہول گاندھی ریلی میں شرکت نہ کر سکے تاہم ان کی جگہ کانگریسی نمائندوں نے شرکت کی۔اس حوالے سے راہول گاندھی کی والدہ سونیا گاندھی نے کہایہ مودی حکومت کے خلاف اپوزیشن رہنماؤں کو متحرک کرنے کا اہم موقع ہے ۔گجرات میں ریلی کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے الزام لگایا کہ اپوزیشن ذاتی مفاد کے لیے سارے کام کررہی ہے ۔اپوزیشن کا اتحاد میرے نہیں بلکہ بھارت کے خلاف ہے ۔