اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،صباح نیوز،اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے انکشاف کیاہے کہ حکومت نے دھمکی آمیز خط عسکری قیادت سے شیئر کر دیاہے ،ہمیں خط کے ذریعے دھمکی آمیز پیغام دیاگیا،نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے شاہ محمودقریشی نے کہاکہ خط کب موصول ہوا،تاریخ بھی پڑھ کر بتا دوں گا زبانی یاد نہیں ،اس سے زیادہ نہیں بتا سکتا، جتنا اس وقت کہنا تھا کہہ دیا، خط دکھانا وزیر اعظم کا اختیار اور صوابدید ہے ،یہ خفیہ دستاویز ہے اسے اس طرح نہیں دکھاسکتے ۔قبل ازیں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ خان صاحب کا پیغام ق لیگ کو پہنچادیا،جو من میں تھا وہ میں نے پہنچادیا، ہم من والے ہیں دھن والے نہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ گذشتہ روز ق لیگ کیساتھ اچھی نشست ہوئی ، ملاقات کے بعد خان صاحب کو ق لیگ کا من وعن پیغام پہنچایا ، وزارت اعلیٰ سے متعلق خبریں قیاس آرائیاں ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ سیاست میں ہر چیز کھلی ہوتی ہے ، ق لیگ کے ساتھ بات چیت سنجیدہ مرحلے میں ہیں،غیرذمہ دار بات نہیں کروں گا، جو کچھ بات چیت ہورہی ہے وہ سامنے لانا مناسب نہیں سمجھتا۔پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ پوری کوشش ہے اتحادی ہمارے ساتھ کھڑے رہیں اور وہ ابھی تک ساتھ کھڑے ہیں، پی پی اور ن لیگ تاثر دے رہی ہے کہ اتحادی انکے ساتھ ہیں یہ غلط ہے ، ہم حلیف ہیں، آج بھی کابینہ میں ہیں۔دریں اثنا وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے یورپی یونین کی سفیر اندرولا کامینارا نے وزارتِ خارجہ میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور سمیت یورپی یونین کیساتھ دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کیساتھ دو طرفہ کثیرالجہتی تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے ،پاکستان اقتصادی ترجیحات کے پیش نظر یورپی یونین کے ساتھ سٹریٹجک شراکت داری کے اگلے مرحلے کے مشترکہ منصوبوں کو جلد عملی جامہ پہنانے کیلئے پر عزم ہے ،وزیر خارجہ نے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے استحکام میں، پاکستان میں تعینات یورپی یونین کی سفیر اندرولا کامینارا کے کردار کی تعریف کی۔