اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی،92 نیوز رپورٹ) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ کورونا وائرس عالمی چیلنج ہے جس کومذہب و مسلک کے ساتھ جوڑا نہیں جاسکتا،تبلیغی جماعت کے تعاون کے مشکور ہیں، بیرون ملک سے تبلیغی جماعت کے لوگوں اور زائرین کی واپسی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے ، عوام سے اپیل ہے کہ حفاظتی تدابیر پر عمل کریں کیونکہ وباء سے نمٹنے کیلئے ہر مکتبہِ فکر کا تعاون اہمیت کا حامل ہے ۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری اور وزیر مملکت شہریارآفریدی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ تبلیغی جماعت اور تمام زائرین کو پارلیمنٹ کی طرف سے یقین دلاتے ہیں کہ ہم انہیں مایوس نہیں کریں گے ، جنگی بنیادوں پر کام کریں گے ۔ وزیرمذہبی امور نور الحق قادری نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء امتحان ہے ، زائرین اور تبلیغی جماعت پر انگلیاں اٹھائی گئیں اور بحث الجھتی گئی۔ انہوں نے کہاکہ زائرین سے متعلقہ مسائل اور غلط فہمیوں کے حوالے سے بھی ریاست کی سطح پر معاملہ کو ختم کرنے کیلئے لوگوں کیساتھ رابطہ میں ہیں۔ شب برأت پرعوام احتیاطی تدابیر کے ساتھ اپنے گھروں میں رہیں اور اللہ سے مدد مانگیں۔وزیر مملکت شہریار آفریدی نے کہا کہ پارلیمنٹ کا ہمیشہ کلیدی کردار ہوتا ہے جو ملک کیلئے قانون سازی اور رہنمائی فراہم کرتی ہے ۔ سپیکر نے آزمائش میں مبتلا لوگوں بالخصوص زائرین اور تبلیغی جماعت کے حوالے سے قدم اٹھایا ۔ زائرین اور تبلیغی جماعت کے لوگ جو دنیا بھر میں جہاں بھی ہیں اور ملک میں بھی تبلیغی جماعت کے جو لوگ مسائل کا شکار ہیں ان کیلئے مربوط انداز میں مسائل کا حل ڈھونڈا جائے گا، ہم پاکستانیوں کو عزت و وقار دینے اور ریاست مدینہ کی بات کرتے ہیں تو حقیقی معنوں میں لوگوں کے مسائل بھی حل کرینگے ۔قبل ازیں سپیکر نے ایک اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں علمائ، وفاقی وزرائ، وزارت داخلہ سمیت دیگر اداروں کے افسران نے شرکت کی۔سپیکرنے کورونا وائرس کے حوالے سے علماء کو اعتماد میں لیا۔انہوں نے کہا کہ سب کو متحد ہوکر موجودہ مشکل صورتحال سے نمٹنا ہوگا، تمام لوگوں کے برابر حقوق ہیں، ریاست اپنی ذمہ داری پوری کریگی۔وفاقی حکومت اورصوبوں میں کوآرڈی نیشن ضروری ہے ۔