لاہور،پشاور ،کراچی، واشنگٹن (جنرل رپورٹر،کر ائم رپو ٹر ،خبرنگار ، نمائندگان، 92 نیوزرپورٹ)ملک بھر میں کورونا کے مزید 39 مریض جاں بحق ہو گئے جبکہ 3499 نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔گزشتہ روز رپورٹ ہونے والے کیس چار ماہ بعد ایک روز میں رپورٹ ہونے والے سب سے زیادہ کیس ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق ملک میں مصدقہ کیس 4 لاکھ 6810 جبکہ اموات8205ہو گئیں، فعال کیس 51654ہوگئے ، 2469مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔ کورونا سے اموات کی شرح2.02 فیصد ہوگئی،گزشتہ24گھنٹوں کے دوران 42904ٹیسٹ کئے گئے ۔ پنجاب میں 727نئے کیس سامنے آگئے جبکہ مزید 25ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں، ایکٹو کیس21 ہزار سے بڑھ گئے ،143 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔کور ونا وائرس کے پیش نظر پنجاب میں قیدیوں کو جیل پہنچنے پر قرنطینہ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق صوبے میں کورونا سے مزید 15 مریض جاں بحق ہوگئے جبکہ 1615 نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔محکمہ صحت کے مطابق سندھ میں اکتوبر کے مقابلے نومبر میں22 ہزاراضافی کیس ریکارڈ کیے گئے ۔ سابق وفاقی وزیر اور پرنسپل بختاور گرلزکیڈٹ کالج نوابشاہ یوسف شیخ کورونا کے باعث انتقال کر گئے ۔خیبرپختونخوا میں متاثرین کی تعداد 48 ہزار کے قریب پہنچ گئی۔صوبے میں مزید11مریض جاں بحق جبکہ 345نئے کیس سامنے آگئے ۔پشاور میں کورونا پھیلنے کی شرح20 فیصد سے تجاوز کر گئی۔ تحریکِ انصاف کے رکن قومی اسمبلی نور عالم خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ۔قومی ادارہ صحت کی رپورٹ کے مطابق ملک میں کورونا پازیٹوہیلتھ ورکرز کی تعداد 10464 ہو گئی، 6560 ڈاکٹر، 1249 نرسز، 2655 ملازمین کورونا کا شکار بن چکے ۔ادھر دنیا بھر میں کورونا متاثرین6.52کروڑ جبکہ ہلاکتیں 15.07لاکھ سے تجاوز کر گئیں۔ فرانس کے سابق صدر گسکارڈ ڈی سٹیننگ کورونا کے باعث چل بسے ۔امریکہ میں گزشتہ روز ریکارڈ2760اموات جبکہ 195121متاثرین رپورٹ ہوئے ، 100000سے زائد متاثرین ہسپتال داخل ہوئے جو نومبر کے آغاز کے اعداد وشمار سے دوگنا سے زیادہ تعداد ہے ۔نامزد امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنے ہموطنوں کو کورونا کے باعث مزید ہلاکتوں کے خطرے کیخلاف تنبیہ کی ہے ۔انہوں نے کہا وہ کسی کو خوفزدہ نہیں کرنا چاہتے تاہم یہ بھی سچ ہے اگلے برس امریکہ میں مزید اڑھائی لاکھ تک ہلاکتوں کا خدشہ ہے ۔سابق امریکی صدور براک اوباما، جارج ڈبلیو بش اور بل کلنٹن نے رضاکارانہ طور پر کیمرا کے سامنے کورونا ویکسین لینے کا اعلان کیاہے اگر اس سے عوام کے اعتماد کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔جرمنی میں جاری جزوی لاک ڈاؤن میں دس جنوری تک توسیع کر دی گئی۔سعودی حکومت نے کورونا وبا کے پیش نظر معطل ویزوں کی فراہمی دوبارہ شروع کردی۔اقوام متحدہ کی ایک تازہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عالمی وبا کی وجہ سے دنیا کے غریب ترین ممالک میں مزید 32 ملین افراد شدید غربت کا شکار ہو سکتے ہیں۔ لاہور،اسلام آباد(وقائع نگار ،نیوزایجنسیاں )کورونا کی دوسری لہر میں شدت کے بعد مساجد کیلئے ایس اوپیز کا از سرنو جائزہ لینے کیلئے صدر مملکت عارف علوی کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں وبا سے بچاؤ کیلئے نئے ایس او پیز تیار کیے گئے ، جبکہ فیصلہ کیا گیا کہ آج ملک بھر میں یوم دعا منایا جائے گا۔اجلاس میں چاروں صوبوں کے گورنرز، وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری اور علما کرام نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ کورونا کی دوسری لہر پر علما نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ مساجد میں ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔علمائے کرام نے اپیل کی کہ کچھ عرصہ کیلئے جلسہ،جلوسوں کو موخر کردیاجائے ۔صدر مملکت کا کہنا تھا وبا سے تحفظ کیلئے رجوع الی اللہ کیا جائے ، ہم نے کورونا کی پہلی لہر کے دوران جو کامیابیاں حاصل کیں ان کا اعادہ کرنا ضروری ہے ۔ علماء کی وجہ سے جو ڈسپلن پہلے پیغام کے اندر گیا اس کو میں ریاست کی جانب سے تحسین کرنا چاہتا ہوں۔ صدر کا کہنا تھا ناموس رسالت ﷺ اور اوآئی سی کی قرارداد کے حوالے سے جو کردار وزیر اعظم نے ادا کیا اور او آئی سی نے جو بیان دیا اس کو علماء نے بھی سراہا۔ ادھرمختلف مکاتب فکر کے 15سے زائد علماء نے کورونا خطرات کے پیش نظر اپوزیشن جماعتوں سے 13دسمبر کو لاہور میں جلسہ نہ کر نے کا مطالبہ کر دیا ۔علما نے کورونا کیخلاف آج یوم دعا منانے کے حکومتی فیصلے کی بھی مکمل حمایت کردی ۔ علماء سے گفتگو کے دوران گور نر پنجاب چودھری سرور نے کہا سیاسی مفادات کیلئے عوام کی زندگیوں سے کھیلنے والی اپوزیشن جماعتوں کو تاریخ اور قوم کبھی معاف نہیں کر یگی۔گور نر پنجاب کیساتھ مفتی اقبال چشتی، مولانا یوسف، صاحبزادہ عبد اﷲ مصطفی، سید محمود گر دیزی، مولانا عبد الملک و دیگر علماء نے صدر مملکت کی زیر صدارت ویڈیو کانفر نس میں شر کت کی۔ گور نر ہائوس میں پر یس کانفر نس کرتے ہوئے گور نر پنجاب نے کہا حکومت کی جانب سے تمام علماء کا شکر یہ اداکر تا ہوں کہ وہ آج ہونیوالی کانفر نس میں شر یک ہوئے ۔مفتی اقبال چشتی نے کہا اپوزیشن سے مطالبہ کرتے ہیں وہ جلسوں سے گر یز کرتے ہوئے لاہور میں جلسہ نہ کر یں۔