اسلام آباد، لاہور ، پشاور ،نئی دہلی ، نیویارک ( خبر نگار خصوصی،وقائع نگار ،جنرل رپورٹر، ،نامہ نگار،اپنے رپورٹر سے ، کر ائم رپو رٹر ،سٹاف رپورٹر، نیوز رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوزایجنسیاں ) ملک بھر میں کورونا کے باعث مزید 140 افراد جاں بحق جبکہ4298مثبت کیس رپورٹ ہوئے ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق ملک میں مصدقہ مریض850131جبکہ اموات18677 ہوگئیں ،مزید 4631 مریض صحتیاب ہوگئے ، فعال مریضوں کی تعداد83699 جبکہ 5 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 44846 ٹیسٹ کئے گئے ۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال مٹہ کے سینئر میڈیکل افیسر ڈاکٹر علی اکبر بھی شہید ہوگئے ۔پنجاب میں82 مریض جاں بحق ،1995 کیس جبکہ لاہور میں مزید37 ہلاکتیں ،996کیس رپورٹ ہوئے ۔ پنجاب میں آج سے 16 مئی تک 9 دن کیلئے لاک ڈائون لگ گیا۔ تمام مارکیٹس، کاروبار، دفاتر اور دکانیں بند رہیں گی،میڈیکل سروسز، فارمیسیز ،پٹرول پمپ، فوڈ ٹیک اویز،بجلی، گیس، ای کامرس, انٹرنیٹ، سیلولر کمپنیز،کال سنٹر،تنور اورمیڈیا ہائوسز24 گھنٹے کھلے رکھنے کی اجازت ہو گی۔گروسری سٹورز،جنرل سٹورز، بیکریز، آٹا چکیاں،فروٹ،سبزی، مٹھائی ،گوشت کی دکانیں صبح 9 سے شام 6بجے تک کھل سکیں گی۔ تفریخی مقامات، پارک،شاپنگ مال، ریسٹورنٹس اور پکنک مقامات بند رہیں گے ۔بین الصوبائی اور شہروں کی مقامی ٹرانسپورٹ بند ہو گی تاہم رکشہ ، ٹیکسیز اور پرائیویٹ گاڑیوں کو%50 گنجائش کیساتھ سفر کی اجازت ہو گی ۔ ٹرین سروس 70 فیصد مسافروں کیساتھ جبکہ انٹرسٹی ٹرانسپورٹ کو ہفتہ اور اتوار50 % گنجائش کیساتھ کام کی اجازت ہو گی۔لاہور میں اورنج لائن میٹرو ٹرین اور میٹرو بس بھی بند رہے گی۔لاہور میں آرمی،رینجرز اورپولیس کے دستوں نے فلیگ مارچ کیا ۔کمشنر لاہور اور سی سی پی او لاہور نے ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔ سی سی پی او لاہور نے پی آئی اے روڈ پر رات گئے تک دکانیں کھلی رکھنے پر 20 دکانیں سیل کرا دیں جبکہ بغیر ماسک گھومنے والے 10 افرادکو حراست میں لے لیا گیا۔ماڈل ٹائون لنک روڈ پر قائم سنوکر کلب پر بھی چھاپہ مارا گیا ، کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سنوکر کلب سے 40 سے زائد نوجوان گرفتارکر لئے گئے ۔ایس او پیز کی خلاف ورزی اور اوور چارجنگ پر نیازی بس سروس کی انتظامیہ پر مقدمہ درج کر کے محمود اور مسعود کو گرفتار کرا دیا ۔ لاہور میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ایک ماہ 10 روز کے دوران 3924 مقدمات درج کئے گئے ۔محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئرنے 10 سے 15مئی عید کی چھٹیاں نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔عید کی چھٹیوں کے دوران محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کے تمام دفاتر کھلے رہیں گے ۔ملائشیا اور ایران نے پاکستان پر سفری پابندیاں لگادیں۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پاکستان آنے والے مسافروں کیلئے نیا سفری ہدایت نا مہ جاری کیا ہے جسکے تحت مسافروں کا 72 گھنٹے قبل کورونا ٹیسٹ لازمی کردیا گیا۔ کیٹگری سی ممالک سے مسافروں کی آمد پر سفری پابندیاں 5 مئی سے تاحکم ثانی نافذالعمل رہیں گی۔وفاقی وزیر اسدعمر نے کہا ہے رمضان المبارک کے آخری چند دن اور عید سادگی اور احتیاط سے منائیں۔اپنے ٹویٹ پیغام میں انہوں نے کہا ہمارے ملک میں وہ حالات نہیں جو پڑوس میں ہیں۔آئیں ملکر اس اہم ترین وقت کو احتیاط سے گزاریں۔ادھر دنیا بھر میں ہلاکتیں 32لاکھ 78ہزار جبکہ متاثرین 15کروڑ 73لاکھ سے بڑھ گئے ۔بھارت میں مزید 401271 کیس جبکہ4194 ہلاکتیں ہوئیں۔بالی ووڈ اوربھوجپوری فلم انڈسٹری کی سینئر اداکارہ سری پراڈھا انتقال کر گئیں۔انڈرورلڈ ڈان اور گینگسٹر چھوٹا راجن کورونا سے ہلاک ہوگیا ۔اداکارہ شلپا شیٹھی کے اہلخانہ بھی کورونا میں مبتلا ہوگئے ۔راہول گاندھی نے نریندر مودی کے نام خط میں سخت اقدامات کا مطالبہ کیاہے ۔ چھتیس گڑھ میں کوروناسے محفوظ رہنے کیلئے ہومیو پیتھک دوا کھانے والے ایک خاندان کے 8 افراد ہلاک ہوگئے ۔آسٹریلیا نے اعلان کیاہے وہ انڈیا میں پھنسے شہریوں کونکالنے کیلئے 15مئی سے پروازوں کا آغاز کرے گا۔ بحرین نے خلیجی ممالک کے مسافروں کیلئے کورونا پی سی آر ٹیسٹ کی شرط ختم کرنے کا اعلان کردیا۔فرانس نے کوروناکے پھیلاؤ پر قابو پانے کیلئے مزید7 ممالک سے آنے والے مسافروں کیلئے 10 روزہ قرنطینہ لازمی قرار دیدیا ۔ ان ممالک میں ترکی، بنگلہ دیش ، سری لنکا، پاکستان، نیپال، یو اے ای اور قطر شامل ہیں۔ترکی کی ویکسین کو عالمی ادارہ صحت نے اپنی فہرست میں شامل کرلیا۔جاپان نے پاکستان کو ایک لاکھ 30ہزار کورونا تشخیصی کٹس فراہم کی ہیں۔ٹوکیو میں پاکستانی سفارتخانے نے جاپانی کمپنی سے کٹس وصول کیں۔ ریڈ کراس نے جنوبی ایشیائی ممالک میں کورونا کی بگڑتی صورتحال پروارننگ جاری کر دی۔ ڈائریکٹر ریڈ کراس نے جنوبی ایشیائی ممالک میں قابو سے باہر ہوتی کورونا وبا کو انسانی تباہی قراردیدیا۔ انہوں نے کہا متاثرین اور اموات کی تعداد رپورٹ ہونے والی تعداد سے کہیں زیادہ ہے ، ہمیں فوری اقدامات کرنا ہوں گے ۔سعودی عرب میں تمام مرد و خواتین ملازمین کیلئے ویکسی نیشن لازمی قرار دیدی گئی۔عالمی ادارہ صحت نے چینی ویکسین سائنو فارم کے ہنگامی استعمال کی اجازت دیدی۔