اسلا م آباد ،لاہور،کراچی(رپورٹنگ ٹیم ،نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبانے پاکستان میں مزید7افرادکی جان لے لی اور اموات کی مجموعی تعداد28999ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 7.36 فیصد رہی،3567نئے مریض رپورٹ ہوئے اور فعال کیس 26428ہو گئے ،675مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔دریں اثنااین سی او سی نے بوسٹر ویکسین لگوانے کیلئے عمر کی حد کم کرکے 18 سال کردی جس کے بعدآج سے 18 سال کی عمر کے افراد بوسٹر ویکسین لگوا سکتے ہیں۔ بوسٹر ویکسین لگوانے کا کوئی معاوضہ نہیں۔علاوہ ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ حکومت نے کورونا ویکسی نیشن کا ہدف حاصل کر لیا ۔ ہمیں بچوں کو بیماریوں سے بچانا ہے اور اس وقت 50فیصد سے زائد بچے فری ویکسینیٹڈ ہیں۔ 9کروڑ 40لاکھ بچوں کو ایک فیز میں حفاظتی ٹیکے لگائے گئے ۔ کورونا ویکسی نیشن امیر غریب سب کیلئے ہے ۔ شہریوں کو بیماریوں سے بچانا حکومت کیلئے باعث فخر ہے ۔سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب عمران سکندر بلوچ کے مطابق صوبہ میں کورونا کے 843نئے کیس سامنے آگئے اور ایکٹو کیس 7343ہو گئے جبکہ مظفرگڑھ میں مزیدایک مریض کی جان چلی گئی ۔ لاہورسے کورونا کے مزید 659 ، راولپنڈی سے 96 ، فیصل آباد، شیخوپورہ اور گوجرانوالہ سے 12 بارہ ، سیالکوٹ سے 11 کیس رپورٹ ہوئے ۔ صوبہ میں کورونا مثبت کیسز کی مجموعی شرح 4.3 فیصد جبکہ لاہور میں 9.6 فیصدرہی۔ لاہور میں کورونا کیسز میں روزانہ اضافہ کا چارٹ جاری ہونے پر ڈی سی عمر شیر چٹھہ نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور بوسٹر ڈوز بھی لازمی لگوائیں۔وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بیان میں کہا کہ صوبہ میں اومیکرون کے مزید 23 کیس سامنے آئے اور تعداد 430 ہوگئی۔ دنیا بھرمیں ہلاکتیں55لاکھ45ہزارسے زائد ہو گئیں ۔سویڈن کی وزیراعظم میگڈلینا اینڈرسن بھی کورونا میں مبتلا ہو گئیں ،وہ گھر میں قرنطینہ سے ہی اپنے فرائض انجام دیں گی۔سعودی عرب کی وزارت صحت نے 5 سے 11 سال کی عمر کے بچوں کو ویکسین لگانے کے دوسرے مرحلے کا آغاز کر دیا ۔چین کے شمالی شہر تیانجن میں کورونا پھیلنے پر بین الاقوامی کار ساز کمپنی کے پلانٹ کو بند کرنا پڑگیا ۔چینی حکام نے وبا سے متاثرہ شہروں سے دیگر شہروں میں آنیوالے افراد کو قرنطینہ کرنے کا حکم دیدیا ۔اقوام متحدہ نے بھار ت کیلئے کورونا سے متعلق وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہاں اومیکرون تیزی سے پھیلنے کی وجہ سے وبا کی دوسری لہر جیسی تباہی اور بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کا خدشہ ہے ۔ اقوام متحدہ کی عالمی اقتصادی صورتحال اور امکانات کے بارے میں ڈبلیو ای ایس پی رپورٹ میں کہاگیا کہ اومیکرون کی وجہ سے انفیکشن کی نئی لہریں پیدا ہو رہی ہیں اور معیشتوں پر اسکے اثرات میں اضافہ ہونا طے ہے ۔ اگر لوگوں کی ویکسین تک رسائی سمیت عالمی نقطہ نظر نہ اپنایا گیا تو یہ وبا پوری دنیا کی معیشت کیلئے خطرہ بن سکتی ہے اور جنوبی ایشیا کو بڑے مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ امریکی صدر جوبائیڈن نے اومیکرون کیسز میں اضافے پر ملک کے ہر خاندان کے تمام افراد کا کورونا ٹیسٹ مفت کرانے کا اعلان کر دیا اور محکمہ صحت کو 50 کروڑ ٹیسٹ کرنے کا حکم دیا ہے ۔