آکلینڈ(سپورٹس ڈیسک) نیوزی لینڈ کی وزارت صحت نے پاکستانی ٹیم کو ٹریننگ کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے ، وزارت صحت کا کہنا ہے کہ امید ہے پاک ٹیم اس مشکل فیصلے کو قبول کرے گی۔تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے وزیر صحت ڈاکٹر ایشلے بلوم فیلڈ نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم میں کرونا کے کیسز ہیں جن کے پھیلنے کا خدشہ ہے ، اس لیے ٹیم کو گروپس میں ہوٹل سے باہر جانے کی اجازت نہیں دے سکتے ۔ڈاکٹر ایشلے بلوم فیلڈ نے کہا کہ امید ہے پاکستانی ٹیم اس مشکل فیصلے کو قبول کرے گی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستانی سکواڈ کے جمعرات کو ہونے والے کرونا کے تمام 44 ٹیسٹ منفی آ گئے ہیں، 54 ارکان میں سے قومی سکواڈ میں شامل 10 ارکان میں کرونا ٹیسٹ مثبت آ چکا ہے ، جن میں سے 4 ہسٹارک کیسز قرار دیے گئے ہیں۔نیوزی لینڈ میں ان 10 ارکان کا روزانہ چیک اپ کیا جا رہا ہے ، قومی سکواڈ کو 14 روزہ آئسولیشن کی مدت ہوٹل میں پوری کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔