لاہور؍ ملتان(جنرل رپورٹر؍ سپیشل رپورٹر) کورونا نے مزید 17 افراد کی جان لے لی جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 6129 ہوگئی جبکہ 730 نئے کیسز کے ساتھ مریض 2لاکھ 83 ہزار 700 تک پہنچ گئے ،785 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے ۔پنجاب میں گزشتہ روز کورونا کے 129نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 3 اموات ہوئیں۔نشتر ہسپتال ملتان کے آئی سو لیشن وارڈز میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کا ایک مریض دم توڑ گیا۔مسلم لیگ (ن) کے اقلیتی ایم این اے کھیل داس کوہستانی بھی کورونا کاشکار ہوگئے اور انہوں نے خود کو گھر پر آئسولیٹ کرلیا۔کھیل داس کوہستانی نے کہا کہ مجھ سے رابطے میں رہنے والے بھی اپنا کورونا ٹیسٹ کرالیں ۔ادھر دنیابھر میں ہلاکتوں کی تعداد ساڑھے 7لاکھ تک پہنچ گئی ہے ۔برسلز کے علاقے میں عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا گیا ہے ۔برطانوی معیشت کو کورونا کے باعث 11 سال بعد کسادبازاری کا سامنا ہے اور اپریل تا جون جی ڈی پی میں 20 فیصد کمی آئی ہے ۔اپریل کے بعد سے فیس بک نے 7 لاکھ سے زیادہ ایسی پوسٹس کو حذف کیا جن میں کورونا کے بارے میں معلومات موجود تھیں۔ایک تازہ تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ کورونا وائرس کے متعلق گمراہ کن اطلاعات کے نتیجے میں کم از کم800اور ممکنہ طور پر اس سے کہیں زیادہ ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔