واشنگٹن(خصوصی رپورٹ)امریکہ کے معروف جریدے نے کورونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیرکے متعلق ایک مضمون میں کہا ہے کہ پیغمبر اسلام ؐ کی تعلیمات مشعل راہ ہیں۔جریدے نیوز ویک میں شائع مضمون میں کہا گیا کہ پوری دنیا کورونا کی زد میں ہے ، ڈاکٹرز، طبی ماہرین اور سائنسدان اس حوالے سے قرنطینہ،صفائی اور دیگر احتیاطی تدابیر بتا رہے ہیں لیکن لگ بھگ چودہ سو سال پہلے پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ نے قرنطینہ اور صفائی کی ہدایات دی تھیں،پیغمبر اسلام نے یہ ہدایات اس وقت دی تھیں جب مہلک وباؤں پر بڑے ماہرین موجود نہیں تھے ۔مضمون میں حدیث مبارکہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا کہ حضرت محمد ﷺ نے ہدایت کی تھی کہ جب کسی علاقے میں وبا پھوٹ پڑے تو وہاں مت جاؤ اور اگر تم ایسی جگہ ہو جہاں وبا پھوٹ پڑے تو وہاں سے دوسری جگہ مت جاؤ، انہوں نے یہ بھی فرمایا تھا کہ وبا سے متاثرہ افراد کو دوسرے افراد سے دور رہنا چاہئے جبکہ انہوں نے انسانوں کو صفائی کا خیال رکھنے کی بھی ہدایت کی تاکہ انفیکشن سے بچا جا سکے ۔مضمون میں احادیث مبارکہ کامفہوم بیان کرتے ہوئے بتایا گیا کہ حضرت محمدﷺ نے فرمایا تھا کہ جب صبح اٹھو تو ہاتھ دھو لو، تم نہیں جانتے کہ تمہارے ہاتھ نے رات کہاں بسر کی۔ بیمار ہونے کی صورت میں انہوں نے لوگوں کو علاج کرنے کی ہدایت کی اور بتایا کہ خدا نے ایسی کوئی بیماری پیدا نہیں کی جسکا علاج نہ ہو، سوائے بڑھاپے کے ۔ پیغمبر اسلام نے اللہ تعالیٰ پر یقین اور بھروسہ رکھنے کے ساتھ ساتھ بیماری کا علاج کرنے کی تلقین کی اور بیماریوں اور وباؤں سے بچنے کیلئے بہترین احتیاطی تدابیر بھی بتائیں۔