اسلا م آباد ،لاہور،کراچی(رپورٹنگ ٹیم، نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبانے پاکستان میں مزید 10افرادکی جان لے لی اور اموات کی مجموعی تعداد28728ہو گئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 42577 کورونا ٹیسٹ کئے گئے ۔ ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 1.10فیصد رہی۔ محکمہ صحت کے مطابق پنجاب میں کورونا کے 80نئے کیس سامنے آگئے جبکہ مزید4مریضوں کی جان چلی گئی۔ راولپنڈی سے 2جبکہ لاہور اور فیصل آباد سے ایک ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ۔لاہور میں 45جبکہ راولپنڈی میں20 کیس رپورٹ ہوئے ۔لاہور میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 1.3 فیصدرہی ۔وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں این سی اوسی کے اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشداور چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل ، محکمہ صحت کے دونوں سیکرٹری ڈاکٹراحمدجاویدقاضی اورعمران سکندربلوچ و دیگر افسر شریک ہوئے ۔اجلاس کے دوران پنجاب میں کوروناکی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیاگیا جبکہ پنجاب میں ریچ ایوری ڈورویکسی نیشن مہم کی کامیابی پر محکمہ صحت کی کاوشوں کو سراہاگیا۔ ڈاکٹریاسمین راشدنے خطاب میں کہا کہ آج سے ریچ ایوری ڈورویکسی نیشن مہم کے دوسرے مرحلے کا آغازکررہے ہیں، 2کرور67لاکھ افرادکو کوروناسے بچاؤ کی ویکسین لگائی جائیگی۔این سی اوسی کی ہدایات کے مطابق پنجاب میں کوروناوائرس کے افریقی ویرینٹ اومیکرون سے بخوبی نمٹاجائیگا۔دریں اثنا کورونا کی پانچویں لہراورنئے خطرناک ویرینٹ اومیکرون کے ممکنہ پھیلاؤ کے پیش نظرحفاظتی تدابیر سے متعلق محکمہ داخلہ سندھ نے نیا حکم نامہ جاری کردیا ۔سندھ حکومت نے سی کیٹگری میں شامل اضلاع کے ہوٹلز میں 50 فیصد، کراچی میں ان ڈور ڈائننگ کیلئے 30 فیصد نشستیں خالی رکھنے کی پابندی عائد کردی ۔سندھ بھر میں سینما ہالز میں ویکسینیٹڈ افراد کوہی داخلے کی اجازت ہوگی اور کاروباری مراکز رات 10 بجے تک کھلے رکھے جاسکتے ہیں۔ نئی پابندیاں 15 دسمبر تک نافذالعمل ہونگی۔لاڑکانہ، میرپور خاص، حیدرآباد ڈویژن، خیرپور اور گھوٹکی میں 300 افراد سے زائد شادی بیاہ کے اجتماعات پر پابندی لگادی گئی ۔سانگھڑ اور سکھر کے اضلاع اور کراچی ڈویژن میں 500 افراد کے ان ڈور اجتماعات کی اجازت ہوگی جبکہ شادی ، سیاحت، تفریح پارکس، سوئمنگ پولز اور فلائٹ میں سفر کورونا ویکسین سے مشروط ہوگا۔ خیبر پختونخوا میں مزید 4افراد جاں بحق اور80 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوگئی۔دنیا بھرمیں ہلاکتیں52لاکھ30ہزارسے زائد ہو گئیں۔ امریکہ میں کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ اومی کرون کے باعث لاک ڈاؤن کو خارج از امکان قرار دیدیا گیا۔ برطانیہ نے نئی پابندیاں نافذ کردیں اور 18 سال سے زائد عمر کے ہر شخص کو بوسٹرویکسین ڈوز لگانے کا اعلان کردیا جبکہ 12سال سے زائد عمر کے بچوں کو دوسری ڈوز لگے گی۔یورپی یونین کی ہیلتھ ایجنسی کے مطابق یورپی یونین کے ممبر دس ممالک میں کووڈ انیس ویرینٹ اومیکرون کے 42 کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے ۔ یورپی مرکز برائے امراض، تحفظ اور کنٹرول کی سربراہ اینڈریا آمون نے آن لائن کانفرنس میں بتایا کہ مزید6 ممکنہ کیسز کی تشخیص کے تجزیہ کر رہے ہیں۔ یونان میں 60 سال سے زائد عمر کے شہریوں کیلئے کورونا ویکسین لازمی قراردیدی گئی،انکار کرنے والوں کو ماہانہ 100 یورو جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔اومیکرون کے پیش نظر بھارت کی مرکزی حکومت نے ریاستی حکومتوں کو کورونا وائرس ٹیسٹنگ تیزکرنے کا مشورہ دیدیا ۔ممبئی اور پونے میں سکول کھولنے کی تاریخ بھی آگے بڑھا دی گئی ۔جاپان کے ٹوکیو ایئرپورٹ پر اومیکرون متاثرہ مسافر کی لینڈنگ کے بعد تمام ایئرپورٹس پر ہائی الرٹ کردیا گیا ۔ نمیبیا سے آنیوالے مسافر کے 30 ٹیسٹ کئے گئے اور ہر ٹیسٹ مثبت آیا ، اس کو قرنطینہ کر دیا گیا ۔ جی سیون ملکوں نے اومیکرون کی روک تھام کیلئے ہنگامی اقدامات کا مطالبہ کیاہے جبکہ متحدہ عرب امارات نے اپنے شہریوں کو بوسٹر شاٹس کی ہدایت کردی۔اومیکرون نے عالمی معیشت کوہلاکررکھ دیا،امریکہ سمیت دنیابھرکی سٹاک مارکیٹوں میں شدیدمندی کارجحان دیکھنے میں آیا۔عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت میں مزید3فیصدسے زائدکمی آگئی۔کروڈآئل کی قیمت میں 6فیصدسے زائدکمی آئی،65.67ڈالرفی بیرل میں فروخت ہورہا۔برینٹ آئل کی قیمت میں 4فیصدسے زائدکمی آئی،70.43ڈالرفی بیرل میں فروخت ہورہا۔عالمی مارکیٹ میں کروڈآئل کی قیمت میں ایک ماہ کے دوران 20فیصداوربرینٹ آئل کی قیمت میں 16فیصد سے زائدکمی ہوئی۔