کراچی (سپورٹس رپورٹر) تیسر ٹائون پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے تحت منعقدہ دو روزہ اسپورٹس گالا کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ اور آکسفورڈ گروپ آف اسکولز کے چیئرمین محمد حنیف جدون نے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ فروغ علم کے ساتھ کھیلوں کی سرگرمیاں صحتمند معاشرے کی تشکیل کیلئے ازحد ضروری ہیں کیونکہ ایک صحتمند ذہن ہی صحتمند اور خوشحال و روشن خیال معاشرے کو جنم دے سکتا ہے ۔ آج کے نازک پر آشوب دور میں بچوں کی ذہنی آسودگی کیلئے ہم نصابی سرگرمیاں بھی وقت کی ضرورت ہیں۔ صدر ِتقریب تیسر ٹائون پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے صدر ملک محمد رفیق نے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ غیر نصابی سرگر میوں سے بچوں کی ذہنی صلا حیتیں اجا گر ہو تی ہیں جو آگے چل کر اسے معاشر ے کا ایک ذمہ دار اور مفید شہری بناتی ہیں، اور یہ ہی بچے بڑے ہو کر قو می ہیرو بن کر ملک و قوم کا نا م رو شن کر تے ہیں۔سپورٹس فیسٹیول کی رنگا رنگ تقریب سے ایسوسی ایشن کے عہدیداران اورسکولوں کے سربراہان مختار اجمیری، دائود بنگش، محمد صدارت، صدیق عباسی ،محمد دلاور، قاری مرتضیٰ، محمد مبشر، محمد تنویر، محمد عاطف، محمد کامران و دیگرنے بھی خطاب کیا اور طلبہ کی کاوشوں کو سراہا ۔سپورٹس گالا کے پہلے روز طالبات کے درمیان مقابلے کرائے گئے جس میں بیس سکولوں کی طالبات نے 100میٹر ریس، 100میٹر اسٹک ریس، اسپون ریس، سیک ریس، تھری لیگ ریس، بلائنڈ ریس، ٹگ آف وار، ڈسک تھرو اور لانگ جمپ سمیت دس سے زائد مقابلوں میں حصہ لیا۔