اسلام آباد،راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی، لیڈی رپورٹر، این این آئی،92 نیوز رپورٹ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قومی انسداد ٹڈی دل مرکز کا دورہ کیا، آئی ایس پی آر کے مطابق مرکز کے چیف کوآرڈینیٹر، انجینئر انچیف لیفٹیننٹ جنرل معظم اعجاز نے بریفنگ دی، ملک میں ٹڈی دل سے درپیش خطرات کے تدارک کیلئے اقدامات پر تفصیلات سے آگاہ کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ انسداد ٹڈی دل کیلئے سول انتظامیہ کی بھرپور مدد کی جائے گی۔ انہوں نے قومی حکمت عملی کے تحت مرکز کی کاوشوں کو سراہا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ملک میں غذائی سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے موثر انسداد ٹڈی دل آپریشنز ناگزیر ہیں، ملک میں منفی معاشی اثرات کے ہر ممکن خاتمہ کیلئے کاوشیں ضروری ہیں۔ حکومت نے ٹڈی دل کے تناظر میں پہلے ہی قومی ایمرجنسی کا اعلان کیا ہے ۔دریں اثنانیشنل لوکسٹ کنٹرول سنٹر کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق وزارت قومی عذائی تحفظ و تحقیق ،محکمہ زراعت اور پاکستان آرمی کی مشترکہ ٹیمیں ملک کے مختلف اضلاع میں ٹڈی دل کے خلاف بھرپور سروے اور کنٹرول آپریشن کر رہی ہیں۔ 53 اضلاع کے متاثرہ علاقوں میں 1125 سے زائد مشترکہ ٹیمیں اس مہم میں حصہ لے رہی ہیں،اب تک 250240 اسکوائر کلومیٹر رقبہ پر سروے کیا جا چکا ہے جبکہ5121 مربع کلو میٹر رقبہ میں کنٹرول آپریشن کیا جا چکا ہے ۔صوبہ پنجاب میں پچھلے 24 گھنٹوں میں 110778، ہیکٹر ایریا پر سروے کیا گیا اور 2 اضلاع (میانوالی اور ڈی جی خان)میں ٹڈی دل کی موجودگی کنفرم ہونے پر 98 ہیکٹر ایریا میں انسدادِ ٹڈی دل آپریشن کیا گیااِس آپریشن میں 2227 سے زائد افراد اور 279 سے زائد گاڑیوں نے حصہ لیا۔ اب تک صوبہ بھر کے اضلاع میں 8251744 ہیکٹر ایریا پر سروے اور 174180 ہیکٹر ایریا پر آپریشن کیا جا چکا ہے ،صوبہ سندھ میں پچھلے 24 گھنٹوں میں 65050 ہیکٹر ایریا پر سروے کیا گیا اور 5 اضلاع (نوشہروفیروز، شہید بینظیر آباد، سکھر، خیر پور اور مٹیاری)میں ٹڈی دل کی موجودگی کنفرم ہونے پر 740 ہیکٹر ایریا میں انسدادِ ٹڈی دل آپریشن کیا گیا،اِس آپریشن میں387 افراد (بشمول پاک فوج) پر مشتمل 35ٹیموں اور 64 سے زائد گاڑیوں نے حصہ لیا۔