کراچی،اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،خصوصی نیوز رپورٹر) وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری نیکہاہے کہ پیپلزپارٹی کو مراد علی شاہ کو وزارت اعلیٰ سے ہٹانے کا کہیں گے ۔پیپلزپارٹی خود مرادعلی شاہ کونہیں ہٹاتی تووزیراعظم فیصلہ کریں گے کہ غبارے سے ہواکب نکالنی ہے ۔انہوں نے کہاکہ نواز شریف کے بعد آصف زرداری کا سیاسی کیریئر بھی خاتمے کے قریب ہے ۔پورٹ قاسم کے دورہ کے موقع پرصحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے فواد چودھری نے کہاکہ یہ جمہوری دور ہے سندھ میں گورنرراج کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ سندھ میں تبدیلی آئینی طریقے سے آئے گی،انہوں نے دعویٰ کیا کہ کراچی میں ملاقاتوں کے نتیجے میں وزیراعلیٰ سندھ کے جانے کی بنیاد رکھ دی ہے ۔اتحادی جماعتوں کے تعاون سے سندھ میں تبدیلی لائیں گے ،اب سندھ کے فنڈز وہاں کے عوام پر خرچ کیے جائیں گے ۔علاوہ ازیں فواد چودھری سے تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی اور رہنماؤں نے گورنرہاؤس میں ملاقات کی ۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں اتفاق کیا گیاکہ سندھ میں پی ٹی آئی کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔دریں اثنا ذرائع نے مزید بتایاکہ وفاقی وزیر اطلاعات سے گورنر ہاؤس میں میڈیا ہاؤسز کے مالکان نے بھی ملاقات کی ۔وفاقی وزیر اطلاعات ،میڈیا ہاؤسز کے مالکان اور پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن نے باہمی اتفاق رائے سے ٹی وی چینلز پر سرکاری اشتہارات کے ریٹس کا معاملہ حل کیا ۔میڈیا ہاسز کے مالکان اور پی بی اے نے ٹی وی چینلز پر سرکاری اشتہارات کے ریٹس کا معاملہ حل کرنے پر فواد چودھری کا شکریہ ادا کیا۔ایک ٹویٹ میں فوادچودھری نے کہا کہ عدالتوں کو خالصتاً انتظامی نوعیت کے فیصلوں سے اجتناب کرنا چاہئے ورنہ تقسیم اختیارات کا نظریہ غیر موثر ہوجائیگا ۔یہ فیصلہ کہ ہسپتالوں میں پرچی فیس کیا ہوگی بہر حال وزارت صحت نے ہی طے کرنا ہے ۔