اسلام آباد، کراچی (92 نیوزرپورٹ، آن لائن) وزیر توانائی امتیاز احمد شیخ نے وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر کو خط لکھ کر سندھ بالخصوص کراچی کے گھریلو، صنعتی،تجارتی اور ٹرانسپورٹ صارفین کو لاحق شدید گیس قلت کی وجہ سے پیش آنے والی تکالیف پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی حکومت اپنے ماتحت ادارے سوئی سدرن گیس کمپنی کو ہدایت کرے کہ وہ سندھ کے صارفین کو ان کی ضرورت کے مطابق گیس کے آئینی حق کی فراہمی کو یقینی بنائے اور اگر کمپنی اس فریضے کو ادا کرنے کی اہلیت سے قاصر ہے تو سندھ حکومت فوری طور پر سوئی سدرن گیس کمپنی کے امور کو چلانے کے لئے تیار ہے ۔علاوہ ازیں وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے گیس بحران پر صوبائی حکومت سندھ کارڈ کھیلتی ہے ،سندھ حکومت کے رہنماؤں کے گیس بحران سے متعلق الزامات بے بنیاد اور سیاسی پوائنٹ سکورنگ ہیں ،سندھ حکومت سندھ کارڈکھیل رہی ہے ۔سندھ کی آدھی گیس غیر معیاری ، پائپ میں ڈالنے کے قابل نہیں ہوتی۔ سندھ سے نکلنے والی گیس سندھ میں ہی استعمال ہوتی ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ نئے قانون سے سٹیٹ بینک سیاست سے پاک ہوجائے گا،گورنرسٹیٹ بینک اور دیگر کو ہٹانے کا اختیار حکومت کے پاس ہی ہوگا۔وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں وزیر دفاع پرویز خٹک سے بحث کی خبروں کی تردید کردی۔