لاہور(سپورٹس رپورٹر )پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)نے پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل)سیزن 6 کو غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا ہے ۔کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث پی ایس ایل کا چھٹا ایڈیشن ملتوی کیا گیا ہے ۔بتایا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور فرنچائزز مالکان کی ورچوئل میٹنگ ہوئی جس میں کرکٹ میلے کے چھٹے ایڈیشن کوملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اس حوالے سے باضابطہ اعلان بھی کر دیا گیا ہے ۔ذرائع کرکٹ بورڈ کے مطابق پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کے دوران 7 افراد کووڈ پازیٹو نکلے تھے جن میں 6 کھلاڑی اور ایک آفیشل شامل ہیں۔ میٹنگ میں غیر ملکی کھلاڑیوں کو وطن واپس بھیج کر ملکی کھلاڑیوں سے لیگ کروانے کا آپشن بھی زیر بحث آیا جبکہ لاہور کے میچز کراچی شفٹ کرنے پر بھی اتفاق نہ ہوا جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے لیگ کو غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا ہے ۔دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے پی ایس ایل ایڈیشن 6 کے بقیہ میچز کے ملتوی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’بلیم گیم‘ نہیں ہونی چاہئے لیکن اس وقت سب جذباتی ہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ کیلئے یہ وقت کسی سے لڑائی کا نہیں۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگلی تاریخوں میں لیگ کرانے کی ونڈو تلاش کریں گے ، ہمیں یقین ہے کہ اس ایونٹ کے باقی میچز مکمل کر لیے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ بائیو سیکیور ماحول میں یہ کیسز کیسے آئے تحقیقات کریں گے ، کہاں کب اور کیا غلط ہوا یہ دیکھنا بہت ضروری ہے ، کوشش کریں گے کہ اس واقعے سے پاکستان کرکٹ کا نقصان کم از کم ہو۔ہم تحقیقات کی گہرائی تک جائیں گے ، نقصان سب کا ہے ۔