لاہور(سپورٹس رپورٹر) پی سی بی جنرل باڈی کے سالانہ اجلاس میں چیئرمین نجم سیٹھی کی جانب سے ملک بھر کے ریجنل اور ضلعی کرکٹ ایسوسی ایشنوں کے صدور کے مطالبات کی منظوری کی یقین دہانی،نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی بڑا ٹاسک تھا، ملک بھر میں کرکٹ ڈویلپمنٹ اورانفرا سٹرکچر کے لئے اربوں روپے مختص کئے گئے ہیں، اجلاس کے شرکا کی جانب سے نجم سیٹھی کے لئے اتفاق رائے سے مکمل اعتماد کا اظہار، گوادر کرکٹ ایسوسی ایشن کو بھی پی سی بی سے الحاق کی منطوری دی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ جنرل باڈی کی چیئرمین نجم سیٹھی کی صدارت میں منعقدہ سالانہ اجلاس میں ملک بھر سے ملحقہ ریجنل اور ضلعی کرکٹ ایسوسی ایشنز کے سو سے زائد صدور نے شرکت کی۔ چیئرمین نجم سیٹھی نے سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی بڑا کامیاب قدم رہا ۔ان کاکہنا تھا کہ پی ایس ایل تھری ایک کامیاب ایونٹ تھا اور اس کے فائنل کراچی میں کرانے سے ویسٹ اندیز کی ٹیم بھی آئی اور سری لنکا کی ٹیم کو دورہ پاکستان ہوا جو بڑا بریک تھرو تھا۔ انہو ں نے کہا کہ یہ آسان کام نہیں تھا بلکہ اونچائی کی طرف سفر کرنے والی بات تھی مگر انہوں نے اپنے سٹاف کی محنت اور مدد سے اسے ممکن کر دکھایا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال ایک کامیاب تجربہ کیاگیا جس میں سکولوں اور کلبوں کی کرکٹ کا ٹورنامنٹ کرایا گیا جس میں سکول کے ایک لاکھ بچوں نے شرکت کی اوران میں سے پچاس ہزاربچے کلب کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں سیاسی حالات بدل رہے ہیں ،امید ہے کہ ملک میں مزید استحکام آئے گا تو ہم اپنے ٹارگٹ حاصل کر سکیں گے ۔نجم سیٹھی نے کہا کہ اس سال ساڑھے چھ ارب روپے کی آمدن کا تخمینہ ہے ، اب آئی سی سی کے علاوہ پی ایس ایل بھی آمدن کا بڑا ذریعہ بن رہی ہے ۔قبل ازین بورڈ کی تمام سرگرمیاں آئی سی سی سے ملنے والے فندز کی مدد سے کی جاتی تھیں مگر اب اس میں پی ایس ایل بھی اپنا کردار ادا کرے گی۔