سانتیاگو ( نیٹ نیوز ، آ ن لا ئن ) جنوبی امریکی ملک چلی کی فضائیہ کا طیارہ انٹارکٹیکا جاتے ہوئے لاپتہ ہوگیا۔بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق چلین ائر فورس نے بتایا کہ ہرکولیس سی 130 طیارے نے انٹارکٹیکا بیس کے لیے اڑان بھری تھی اور اس پر 38 لوگ سوار تھے جن میں 35 فوجی شامل ہیں۔دوران پرواز طیارے سے تقریبا سوا گھنٹے تک رابطہ رہا ہے اور ابھی اس نے منزل تک پہنچنے کے لیے آدھا راستہ طے کیا تھا کہ انٹارکٹیکا پر اس سے رابطہ منقطع ہوگیا۔ چلی کے حکام نے الرٹ جاری کرتے ہوئے طیارے کی تلاش کیلئے امدادی ٹیم روانہ کی لیکن تاحال اس کا کوئی سراغ نہیں ملا ہے ۔ سرچ آپریشن میں ایک بحری جہاز بھی حصہ لے رہا ہے ۔طیارے پر سوار افراد میں ائر فورس کے 32 اہلکار، 3 آرمی، ایک سائنس دان اور 2 مسافر شامل ہیں جن کا تعلق ایک کمپنی سے تھا۔ یہ لوگ انٹارکٹیکا میں واقع چلی کے ایک فوجی اڈے میں سہولیات کی دیکھ بھال کیلئے جارہے تھے ۔واضح رہے کہ انٹارکٹیکا رف سے ڈھکا ہوا دنیا کا انتہائی جنوبی براعظم ہے جہاں قطب جنوبی واقع ہے ۔ وہاں کوئی مستقل انسانی بستی نہیں اور صرف سائنسی تجربات کے لیے مختلف ممالک کے سائنس دان مقیم ہیں۔