اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) سکیورٹی فورسز کا دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پرآپریشن ،6دہشتگرد ہلاک۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن سبی کے پہاڑی علاقے کے قریب کیا گیا۔ سکیورٹی فورسز کے کلیئرنس آپریشن پردہشت گردوں نے فرارکی کوشش کی۔ فرارہوتے دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسزپر اندھا دھند فائرنگ کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کے 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ۔دہشت گرد سبی اوراطراف کے علاقوں میں کارروائیوں میں ملوث تھے ۔ ہلاک دہشت گرد لاہورانارکلی دھماکے میں بھی ملوث تھے ۔ہلاک دہشتگردوں میں نصیب اللہ بنگل زئی عرف جہانگیر ، پیر جان اورکئی کلوہی بھی شامل ہیں۔دہشتگردوں کے ٹھکانے سے اسلحہ اور گولہ و بارود بھی برآمد کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر دہشتگردی کو شکست دینگے ۔دوران آپریشن سپاہی نثار نے وطن عزیز پر جان نچھاور کردی،2 جوان زخمی ہوئے ۔