پاکستان نے جنگلات اورجنگلی حیات کے تیزی سے ختم ہوتے وسائل کی بحالی کے لیے ٹین بلین ٹری سونامی جیسے شانداراقدام کا آغازکیا۔ اقدام بلین ٹری سونامی کے سلسلے کی کڑی ہے جس کا آغازپی ٹی آئی حکومت نے صوبہ خیبرپختونخوامیں کامیابی سے کیااوررپورٹس کے مطابق صوبے بھرمیں ایک ارب درخت لگاکردنیاکوحیران کردیا۔اسی مقصدکولے کراب بلین ٹری سونامی کادائرہ ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام کے تحت ملک بھرمیں پھیلایاجارہاہے ۔ یہ انتہائی قابل ستائش اقدام ہے جس کی کامیابی کودنیابھرقابل رشک نظروں سے دیکھے گی۔پروگرام کا مقصد دس ارب پودوں کی شجرکاری سے ملک کوجنگلات کی تباہی سے بچانا اورآئندہ نسلوں کو سرسبزوشاداب مستقبل دیناہے ۔ایک رپورٹ کے مطابق کسی ملک کی ترقی کیلئے ضروری ہے کہ اس کے کل رقبے کا کم ازکم25فیصد جنگلات پر مشتمل ہوتاہم ہمارے ملک میں جنگلات پر مشتمل ایریامیں4.8 فیصد تک کم ہوچکاہے ۔اس لحاظ پاکستان کوابھی بہت محنت کی ضرورت ہے ۔موجودہ دورمیں یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ جنگلات کسی بھی ملک کی معاشی ترقی میں بنیادی کرداراداکرتے ہیں۔جنگلات ناصرہمیں زندگی برقراررکھنے کے لیے آکسیجن کاذریعہ ہیں بلکہ کئی صنعتوں کے لیے کلیدی اہمیت کے علاوہ بے شمارافراد کے لیے ذریعہ روزگاربھی ہیں۔ آج دنیاکو صنعتی ترقی کے باعث جنگلات میں کمی کا سامنا ہے اوراسے انسانی زندگی کی بقا کے لیے ضروری سمجھتے ہوئے تمام ممالک اقوام متحدہ کے زیراہتمام اکٹھے ہوچکے ہیں۔ خیبرپختونخوا حکومت کے بلین ٹری سونامی کواقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام،اقوام متحدہ کے کنونشن برائے جنگلات سے بچائو،بون چیلنج اوردیگربین الاقوامی اداروں اورفورمز کی سطح پر خوب پذیرائی حاصل ہوئی اوراسے انتہائی کامیاب قرار دیاگیا۔ یہ امربلاشبہ ہمارے لیے بحیثیت قوم عزت ووقارکی علامت کے ساتھ حوصلہ افزا بھی ہے ۔ اسی بنیادپر ہم موجودہ حکومت کے ٹین بلین ٹری سونامی کوپاکستان کے لیے کامیابی کی ایک اورنوید سمجھتے ہیں۔تاہم،اس مقصد کو پوراکرنے کے لیے اوراپنے بچوں کو خوشگوار کل دینے کے لیے حکومت کا ساتھ دینا وقت کی ضرورت بھی ہے اورہم سب کا فائدہ بھی۔ تمام صوبائی حکومتوں کے تعاون سے شروع کردہ ٹین بلین ٹری سونامی کے مثبت اثرات ناصرف ماحول پر ظاہر ہونگے بلکہ مستحکم ترقیاتی اہداف کے تحت 15 مختلف شعبوں کی بحالی اورترقی میں معاون بھی ثابت ہونگے ۔امید ظاہر کی جارہی ہے کہ منصوبے کے تحت لگائے جانے والے درخت اورجنگلات ماحولیاتی تحفظ،گرین ہائوس گیس کے اثرات میں کمی،سیلاب کی شدت میں کمی،بارشوں میں اعتدال، خشک سالی اوردیگرحیاتیاتی عوامل کی بہتری میں مددگارثابت ہونگے ۔ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات میں بہتری کے حوالے سے حکومت مختلف اہم اقدامات اٹھارہی ہے جن میں سے ایک پلاسٹک بیگز کے استعمال کاتدارک اورکنٹرول بھی شامل ہے ۔حال ہی میں پلانٹ فارپاکستان کے موقع پر وزیراعظم نے تمام پاکستانیوں بالخصوص نوجوانوں کو آگے بڑھنے اورشجرکاری مہم کی کامیابی میں کرداراداکرنے پر زوردیاجوحکومت منصوبے سے دلچسپی کے باعث ملک کے لیے ہریالی سے خوشحالی کااہم راستے کاتعین بھی ہے ۔