لاہور ،سوات (اپنے خبر نگار سے ،نامہ نگار) پنجاب اور کے پی کے سمیت ملک بھر میں ڈینگی پھیلنے لگا، رواں برس مریضوں کی تعداد 2135 تک پہنچ گئی،لاہور میں 7افراد، سوات میں 118افراد میں وائر س کی تصدیق ہوگئی۔ پنجاب بھر میں 24 گھنٹے کے دوران 195 افراد ڈینگی کا شکار ہو ئے جن میں راولپنڈی میں 112، اسلام آباد میں66 مریض ڈینگی سے متاثر ہوئے ۔ صوبائی دارلحکومت میں بھی 7 افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوگئی , لودھراں سے 3،بہاولپور سے 2 مریض رپورٹ ہوئے ۔ لاہور میں شالامار ٹاؤن کی رہائشی 69 سالہ زرینہ بی بی اور ڈیفنس فیز فائیو کی رہائشی 23 سالہ رابعہ بی بی کے شالامار ہسپتال میں ٹیسٹوں کے بعد ڈینگی بخار میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی گئی۔ نیشنل ہسپتال میں ڈیفنس کے رہائشی 77 سالہ محمد منیر، سروسز ہسپتال میں اوورسیز سوسائٹی رائیونڈ روڈ کے رہائشی 28 سالہ عبدالمنان اور حمید لطیف ہسپتال میں ماڈل ٹاؤن کے رہائشی 32 سالہ عدنان خالد کے ڈینگی بخار میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی گئی ہے ، شہر میں سرکاری طور پر ڈینگی کیسز کی مجموعی تعداد 27 ہوگئی ہے ۔24 گھنٹے کے دوران لیہ، قصور، اٹک اور نارووال سے ایک ایک مریض رپورٹ ہوچکا ہے ۔ رواں برس متاثرہ افراد کی تعداد 1424 تک پہنچ گئی، ملک بھر میں ڈینگی نے 2135 افراد کو ڈینگی نے اپنا شکار بنایا ، ڈینگی کا شکار دو افراد اب تک دم توڑ چکے ہیں۔ادھر ضلع سوات میں ایک مرتبہ پھر ڈینگی وائرس نے سر اُٹھالیا ، وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 118تک پہنچ گئی ۔