کیف، ماسکو، واشنگٹن، لندن، برسلز، بیجنگ، تل ابیب ( نیوز ایجنسیاں ) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے روس یوکرین تنازع سے متعلق قرارداد بھاری اکثریت سے منظور کرلی۔قرارداد میں روس سے فوری طور پر یوکرین کے خلاف طاقت کا استعمال روکنے کامطالبہ کیا گیا ۔اقوام متحدہ میں امریکی سفیر لنڈا تھامس گرین فیلڈ کاکہناتھاکہ تمام ممالک نے واضح کردیاکہ یوکرین میں سنگین انسانی بحران اور تشدد کی ذمہ داری روس پر عائد ہوتی ہے ۔ دوسری طرف امریکی صدر بائیڈن پولینڈ اور یوکرین کی سرحد کے قریبی علاقوں کا دورہ کیا اور یوکرین پر روس کے حملے کو 1989ء میں چین کے تیانن من سکوائر میں مظاہرین کیخلاف کریک ڈاؤن سے تشبیہ دے دی۔ بائیڈن نے کہا صدر پوٹن ایک جنگی مجرم ہے ۔ بائیڈن مشرقی پولینڈ کے شہر ژیشوف پہنچے جو یوکرین کے جنگ زدہ علاقوں سے صرف 80 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے ۔ ایک روز قبل برسلز میں نیٹو کے ہنگامی اجلاس کے بعد رومانیہ، ہنگری، سلوواکیہ اور بلغاریہ میں مزید نیٹو فورسز کو تعینات کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ یوکرین کے صدر زیلنسکی نے ایک بار پھر نارتھ اٹلانٹک ٹریٹی آرگنائزیشن (نیٹو)سے لامحدود فوجی امداد کے لیے کہا ۔انہوں نے روس پر فاسفورس بم استعمال کرنے کا الزام عائد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں اور اپنے شہروں کو بچانے کے لیے یوکرین کو بغیر کسی پابندی کے فوجی مدد کی ضرورت ہے ۔ امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے ایک سینئر عہدیدار نے کہاہے کہ یوکرین پر روس کے حملوں کے بعد ماسکو بیجنگ کے لیے ایک بوجھ بن چکا ہے ۔ یوکرین نے روس کے جنگی بحری جہاز کو تباہ کرنے کا دعوی کردیا۔ یوکرین کی نائب وزیراعظم ارینا ویریشچک نے فیس بک پر ایک پوسٹ کے ذریعے بتایا کہ دونوں اطراف کے دس دس جنگی قیدیوں کا تبادلہ کیا گیا ۔ یورپی یونین نے روس پر یوکرین میں جنگی جرائم کا ارتکاب کرنے کا الزام عائد کردیا۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بین نے جمعہ کے روز منعقدہ پریس کانفرنس میں کہا یوکرین کو ’’ گریٹ پاور گیم‘‘کا ہراول نہیں بننا چاہیے ، امریکہ اور نیٹو کو نئی سرد جنگ کے آغاز کے بجائے روس کے ساتھ مذاکرات کرنے چاہیں۔ مغربی میڈیا نے کہا ہے کہ اسرائیل نے یوکرین میں جاری روسی فوجی آپریشن کی روشنی میں کیف کی پیگاسس جاسوسی پروگرام کو فروخت کرنے کی درخواست مستر کردی ہے ۔اس خدشہ ہے کہ اس عمل سے ماسکو صہیونی ریاست پر برہم ہوسکتا ہے ۔ روس کی خودمختارجمہوریہ چیچنیا کے صدر رمضان قدیروف نے دعوی کیا کہ ان کی فوج نے یوکرین کی محصور جنوب مشرقی بندرگاہ ماریوپول کے سٹی ہال کا کنٹرول سنبھال لیا اوروہاں روسی پرچم لہرا دیا ہے ۔ یوکرین کے شہرماریوپول کے ایک تھیٹرپرروسی بمباری سے 300افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ ہے ۔ روس پر انحصار کم کرنے کیلئے امریکہ نے یورپی یونین کو اس سال 15 ارب کیوبک میٹر تک اضافی ایل این جی گیس فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔