مکرمی ! ہر سال7دسمبر کوپاکستان میںقومی ووٹر ڈے منایا جاتا ہے۔جس کا مقصد عوام کو ان کے ووٹ کی قدر و قیمت کا احساس دلاتے ہوئے انتخابی عمل کا حصہ بننے کے بارے میں آگاہی دینا ہے۔ووٹ کی شکل میں خیانت کے معاشرے پر نہایت برے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ وطن عزیزمیں ووٹ کا تقدس اس وقت پامال ہو تا نظر آتا ہے۔ جب ووٹ کی خریدوفروخت کے دھندے کی نوید پوری قوم کو مایوس کر دیتی ہے۔ اہل وطن کی یہ روش اگر یکسر تبدیل نہ کی گی تو ملک سے بدامنی، غربت و افلاس، بے روزگاری کا خاتمہ نا ممکن ہوگا۔ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ انتخابات کو ہر ممکن صاف شفاف رکھے تو ساتھ ساتھ امیدواروں کے صاف شفاف ہونے کی ذمہ داری کا احساس بھی پوری تندہی سے ادا کرے ۔ الیکشن کمیشن سے زیادہ ذمہ داری عوام یا ووٹروں کی ہے کہ وہ ووٹ کو امانت اور اسلامی ذمہ داری کے طور پر استعمال کریں۔کیونکہ ووٹ کی ایک حیثیت شہادت کی ہے کہ ووٹر جس شخص کو اپنا ووٹ دے رہاہے۔ اس کے متعلق شہادت دے رہا ہوتاہے کہ یہ شخص اس کام کی قابلیت رکھنے کے ساتھ ساتھ دیانتدار و امانتدار بھی ہے۔ اگر اس شخص کے اندر یہ صفات نہیں ہیں اور ووٹر یہ جانتے ہوئے بھی اس کو ووٹ دیتا ہے تو وہ ایک جھوٹی شہادت ہے ۔جو کہ سخت گناہ اور وبالِ دنیا و آخرت ہے۔لہٰذا ہمارے ووٹوں سے کامیاب ہونے والا امیدوار اپنے پانچ سالہ دور میں جو نیک یا بد عمل کرے گا۔ ہم اس کے شریک سمجھے جائیں گے۔ جمہوری عمل و جمہوری نظام کی مضبوطی کے لیے ووٹر کی بنیادی اہمیت اورگھرگھرآگہی کے ذریعے ووٹ کے اندراج کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔ (اللہ ڈتہ انجم،دھنوٹ)