اسلام آباد(سپیشل رپورٹر؍وقائع نگار؍خصوصی نیوز رپورٹر) ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد 3 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ، آج رائونڈ ٹیبل کانفرنس ہوگی، 4 معاہدوں پر دستخط کئے جائیں گے ۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملائیشین وزیراعظم کا نور خان ائیر بیس پر استقبال کیا اور انہیں 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔وفاقی وزیر خسروبختیار مہاتیر محمد کی مہمان نوازی کے فرائض انجام دینگے جبکہ اس سے قبل سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کے موقع پر بھی انہوں نے ہی مہمان داری کے فرائض انجام دیئے تھے ۔پاکستان اورملائیشیا کے درمیان راؤنڈ ٹیبل کانفرنس آج ہوگی،دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کانفرنس میں شرکت کریں گے ۔ایجنڈے کے مطابق وزیراعظم عمران خان شام 4 بج کر 40 منٹ پر 10منٹ کا خطاب کریں گے ،ملائیشیاکے وزیر اعظم شام 4 بج کر 50منٹ پر 10منٹ کا خطاب کریں گے ،وزرائے اعظم کے سیشن میں 15منٹ سوال و جواب کیلئے بھی مختص ہیں،کانفرنس میں دونوں ممالک کے حکام، بزنس مین شرکت کریں گے ۔کانفرنس میں ملائیشیا کار کمپنی کا علامتی سنگ بنیاد بھی رکھا جائے گا،ملائیشیاکی کمپنی پروٹان پاکستان میں کارمینوفیکچرنگ میں معاہدہ کرے گی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مہاتیر محمد کی مصروفیات میں صدرپاکستان سے ملاقات، وزیراعظم عمران خان سے ون آن ون ملاقات اور بعد ازاں وفود کی سطح پربات چیت شامل ہے ۔ذرائع کے مطابق مہاتیر محمد کو ایوان صدر میں عشائیہ دیا جائے گا، جبکہ وزیراعظم عمران خان ملائیشین وزیراعظم کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیں گے ۔ ملائیشیا کے وزیراعظم 23 مارچ کو یوم پاکستان پریڈ کے مہمان اعزاز ہوں گے ۔ مہاتیر محمد کے دورے کے دوران پاکستان اور ملائیشیا کے مابین 4 معاہدوں پر دستخط ہوں گے ۔ملائیشیا کی جانب سے ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی امید کی جارہی ہے ، جبکہ دونوں ممالک کے وزرا کے مابین مختلف یاداشتوں پر بھی دستخط ہوں گے ۔