اسلام آباد (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی نائب صدر اور ایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدر فہمیدہ کوثر جمالی نے کہا ہے کہ وفاقی چیمبرکی جانب سے سارک چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے لئے میرٹ پر نامزدگیاں کی جائیں ۔ سارک چیمبر میں پاکستان کی جانب سے ایسے افراد کی ضرورت ہے جنھیں علاقائی تجارتی معاملات پر عبور حاصل ہو مگر اکیس جنوری کو ایف پی سی سی آئی کی جانب سے جو مراسلہ سارک چیمبر کو بھیجا گیا ہے اے دیکھنے سے پتہ چلتا ہے کہ اس میں ایسے لوگوں کی بھی نامزدگی کی گئی ہے جن کا سارک کے معاملات سے کوئی تعلق نہیں اور وہ کسی صورت میں پاکستان کی نمائندگی کے اہل نہیں ہیں۔فہمیدہ کوثر جمالی نے حکومت سے فوری مداخلت اور ایف پی سی سی آئی سے اس سلسلہ میں وضاحت طلب کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔اگر وفاقی چیمبر کے ارباب اختیارسیاسی مفادات کے لئے بین الاقوامی فورمز پر ملک کا امیج خراب کریں گے تو پھر انھیں حکومت سے کوئی شکوہ شکایت نہیں کرنا چائیے ۔