اسلام آ،راولپنڈی،فیصل آ باد(سپیشل رپورٹر، 92 نیوزرپورٹ،خصوصی رپورٹر) بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے دیوا سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے ، پاک فوج کی بھر پور جوابی کارروائی میں بھارتی فوج کو شدید جانی اور مالی نقصان پہنچا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج نے جوابی کارروائی میں ان بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا جہاں سے بلاشتعال فائرنگ کی گئی تھی۔ پاک فوج کا جواب اتنا مؤثر اور شدید تھا کہ بھارتی فورسز کے بھارتی فورسز کو بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا، متعدد چوکیاں تباہ اور کئی بھارتی فوجی مارے جانے کی اطلاعات ہیں، بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے 29 سالہ سپاہی نورالحسن اور25 سالہ وسیم علی شہید ہوگئے ۔ 2020 میں بھارتی فوج کی طرف سے اب تک 2333 مرتبہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں کی گئیں۔دریں اثنا کنٹرول لائن پر دیوا سیکٹر میں شہید ہونے والے پاک فوج کے سپاہی نورالحسن کی کریاں والا میں نماز جنازہ ادا کر دی گئی ، شہید نورالحسن کو آبائی گاؤں کے قبرستان میں فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کر دیا گیا ، شہید کی نماز جنازہ میں فوجی افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ،پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے شہید نورالحسن کو سلامی پیش کی ،شہید نورالحسن کی قبر پر صدر مملکت ، آرمی چیف اور فوجی حکام کی طرف سے پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں ،34 سالہ شہید نورالحسن کے پسماندگان میں بیوہ ، 7 سالہ بیٹا اور دو سالہ بیٹی شامل ہیں۔