اسلام آباد (آن لائن) عرب نیوز نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے منصوبہ کیلئے مصری ارب پتی نے ایک لاکھ گھر تعمیر کرنے کی پیشکش کر دی جبکہ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر سرکاری سطح پر رابطہ ہوا تو حکومت سرمایہ کاروں کوخوش آمدید کہے گی۔عرب نیوز کے مطابق مصری ارب پتی نجیب اُنسی ساویرس ہاؤسنگ منصوبے پر سرمایہ کاری کیلئے تیار ہیں۔ نجیب ساویرس کی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو طارق حامدی نے عرب نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا پاکستانی وزیراعظم کا 50 لاکھ گھروں کا منصوبہ انتہائی اہم ہے ،منصوبے کی تکمیل میں اربوں ڈالرز اور وقت کی ضرورت ہے ۔نجیب ساویرس کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ایک لاکھ گھروں کی تعمیر کر سکتے ہیں، منصوبہ فوری طور پر نہیں مرحلوں میں مکمل کیا جا سکے گا۔