بیجنگ (این این آئی)وزیراعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد پر چینی حکومت نے کہا ہے کہ چین دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کے اصول پر عمل پیرا رہتا ہے ۔چینی وزارت خارجہ کی پریس بریفنگ کے دوران خبر رساں ایجنسی کے نمائندے نے سوال کیا کہ کیا پاکستان میں قیادت کی تبدیلی سے پاک چین تعلقات متاثر ہوسکتے ہیں؟ اس پر چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن نے کہا چین دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کے اصول پر عمل پیرا رہتا ہے ۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان چین کا تمام موسموں کا سٹریٹجک شراکت دار اور دوست ہمسایہ ملک ہے ، چین امید رکھتا ہے کہ پاکستان میں تمام فریقین یکجہتی برقرار رکھ سکتے ہیں۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ چین کو امید ہے کہ فریقین مشترکہ طور پر پاکستان میں ترقی اور استحکام برقرار رکھ سکتے ہیں۔