اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) شمالی وزیر ستان کے علاقے سپن وام میں دہشتگردوں نے سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر حملہ کردیا، 5 اہلکار شہید ہوگئے ، شہادت پانے والوں میں ایف سی کے 4 اور لیویز کے ایک اہلکار شامل ہے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چار سدہ کے 35 سالہ حوالدار زاہد ، خیبر کا 28 سالہ لانس نائیک ولی، کرم کا 28 سالہ لانس نائیک عبد المجید، سپن وام کا 38 سالہ سب انسپکٹر جاوید شہید ہونے والوں میں شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کا کہناہے کہ علاقے میں موجود کسی بھی دہشتگرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے ۔ صدر عارف علوی، وزیر اعظم عمران خان ، سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور دیگر شخصیات نے دہشتگرد حملہ کی شدید مذمت کی۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی پر دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ ایسی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔