اسلام آباد،کوئٹہ ( وقائع نگار خصوصی، این این آئی ،نمائندہ 92نیوز ) سربراہ بی این پی اختر مینگل نے آئندہ دنوں میں حکومت کا ساتھ چھوڑنے کا عندیہ دیدیا۔انہوںنے میڈیا سے گفتگو میںکہا ہو سکتا ہے آنیوالے دنوں میں حکومت کیساتھ نہ رہیں، اپوزیشن ہماری شرائط مان لے تو حزب اختلاف میں شامل ہونے کیلئے تیار ہیں،میرے مطالبات کی حمایت کیلئے معاہدہ کیا جائے ، حکومت نے ہمارے مطالبات پر کوئی پیش رفت نہیں دکھائی ، اگر اب اپوزیشن ہماری شرائط مان لیں تو اپوزیشن میں آنے کو تیار ہیں۔ قبل ازیںپیپلز پارٹی کے وفد نے اختر مینگل سے ملاقات کی اور اپوزیشن اتحاد میں شامل ہونے کی دعوت دی ۔این این آئی کے مطابق مینگل کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے نکات پیپلز پارٹی کے سامنے رکھے ہیں ، پیپلزپارٹی دیگر اپوزیشن جماعتوں سے بات کرے گی،آئندہ چند روز میں مشترکہ اپوزیشن سے بات ہوسکتی ہے ۔دوسری جانب بلوچستان نیشنل پارٹی اور پی ٹی آئی کا مشترکہ اجلاس پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا جس میںاختر مینگل نے کہا 6نکات ہمارے لئے اہمیت کے حامل ہیں، عملدرآمد نہ ہواتو ہم اپنے فیصلوں میں آزاد ہونگے ۔ 92نیوزرپورٹ کے مطابق اختر مینگل نے حکومتی وفد سے ملاقات میںلاپتہ افرادسے متعلق قانون سازی کا مطالبہ کیا۔ پرویزخٹک اورقاسم سوری نے مطالبات پر جلدسے جلد عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی۔