اسلام آباد(سپیشل رپورٹر؍ مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے ہم نے کبھی اوورسیز پاکستانیوں کو اثاثہ نہیں سمجھا، اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے ہر حکومت ان کی قدر کرے گی،اوورسیز پاکستانیوں کو ملکی جمہوریت میں شامل کرلیا ، اوورسیز پاکستانیوں کیلئے پاور آف اٹارنی کا بڑا مسئلہ تھا، ہم نے ان کا یہ معاملہ بھی حل کیا۔ اوورسیز پاکستانیوں کیلئے ڈیجیٹل پورٹل کے آغاز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا پاور آف اٹارنی کا حصول بیرون ملک پاکستانیوں کیلئے بڑا مسئلہ تھا، 75 ہزار پاکستانیوں کو اس پاور آف اٹارنی کے عمل سے ہر سال گزرنا پڑتا ہے ،پاور آف اٹارنی کی آن لائن تصدیق اور اجرا سے ہزاروں پاکستانیوں کو فائدہ ہو گا۔وزیر اعظم نے کہا جو لوگ پرانے کرپٹ نظام سے فائدہ اٹھا رہے ہیں، وہ تبدیلی نہیں آنے دیتے ، ای وی ایم کی مخالفت اس لئے ہے کہ مرے ہوئے لوگوں کے ووٹوں کا اندراج کرایا ہوا ہے ۔انہوں نے کہا ٹیکنالوجی نے دنیا کو بدل دیا ، ٹیکنالوجی استعمال نہ کرنے سے زیادہ احمقانہ بات اور کیا ہوسکتی ہے ،اس لئے ہمیں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی منظوری سے بہت خوشی ہوئی،کرپٹ عناصر نے 2008میں بھی ای وی ایم کی تجویز کی مخالفت کی تھی،ایک طرف کرپٹ سسٹم ہے ،دوسری طرف ملک کو آگے بڑھا رہے ہیں،ہم نے سینٹ میں کہا کہ اوپن بیلٹنگ ہونی چاہئے ، یہ خلاف ہوگئے ،الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے سارے مسئلے ختم ہوجائینگے ،اسمبلی میں ڈرامہ ہوا ، اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ دینے سے کیوں روکا جارہا ہے ،اوورسیز پاکستانی ووٹ دینگے تو حکمرانوں پر ان کیلئے کچھ ڈلیور کرنے کا دبائو ہوگا۔عمران خان سے ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے الوداعی ملاقات کی۔ وزیراعظم نے ڈی جی آئی ایس آئی کی خدمات کو سراہا۔عمران خان نے لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کیلئے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔اس سے قبل لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بھی الوداعی ملاقات کی تھی۔وزیراعظم سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا حکومت خیبر پختونخوا میں سیاحت کے شعبے کی استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے ،صحت کارڈ کی فراہمی سے عوام کو معیاری علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے ۔عمران خان نے پارلیمنٹ کے اجلاس میں بلوں کی منظوری کے بعدبیمار ہونے کے باوجود اجلاس میں شرکت پر ایم این ایز کے جذبے کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ایم این ایزکے جذبے کو سراہتا ہوں، خیال زمان،احسان اللہ ٹوانہ ،راحت امان اللہ بھٹی شدیدعلالت کے باوجودآئے جبکہ شیخ رشید کا شکر گزار ہوں جو بھائی کی وفات کے باوجود اجلاس میں آئے ۔