اسلام آباد (سپیشل رپورٹر،92نیوزرپورٹ)بجٹ کی منظوری کے معاملے پر حکومتی وفداوربی این پی کے مابین ایک اورملاقات بے نتیجہ ختم ہوگئی،ملاقات پی ٹی آئی رہنما جہانگیرترین کی رہائشگاہ پرہوئی،ذرائع کے مطابق بی این پی نے بجٹ میں حکومت کا ساتھ دینے پر مزیدمشاورت کا فیصلہ کیا اور وقت مانگ لیا ،حکومت اوربی این پی مینگل کے درمیان ایک اورملاقات آج ہوگی،آئندہ ملاقات میں حتمی فیصلہ کئے جانے کا امکان ہے ۔اجلاس میں تحریک انصاف کی جانب سے وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک ،ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری ،ارباب شہزادودیگر موجود تھے ۔ذرائع نے بتایا کہ جہانگیر ترین نے بے این پی کے وفد کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کے چھ نکاتی ایجنڈے پر مکمل عملدرآمد کرایا جائے گا ۔ جہانگیر ترین نے بعد ازاں وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات میں بی این پی کے مطالبات پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانگیر خان ترین بجٹ کی منظوری تک اتحادی جماعتوں کے رہنمائوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے ۔