ساہیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ محمد جہانزیب خان کھچی نے کہا ہے کہ محفوظ سفر کو یقینی بنانے اور کمرشل گاڑیوں کی فٹنس کا معیار برقرار رکھنے کے لئے جدید وہیکل انسپکشن سسٹم شروع کر دیا گیا ہے اور یکم جولائی کے بعد صوبہ بھر میں تمام کمرشل گاڑیوں کی فٹنس اس سسٹم کے تحت کی جائے گی۔ انہوں نے یہ بات ساہیوال میں لگائے گئے جدید وہیکل انسپکشن اینڈ سرٹیفکیٹس سسٹم کا افتتاح کرتے ہوئے کہی جو عارف والا روڈ پر ایک سویڈش کمپنی نے لگایا ہے ۔ تقریب میں کمشنرعارف انور بلوچ، ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو، سیکرٹری آر ٹی اے رانا محسن اور سنٹر انچارج محمد ندیم سلیم نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے کے تمام اضلاع میں یہ سٹیشنز تعمیر کئے جا رہے ہیں جس سے کمرشل گاڑیوں کی فٹنس سے متعلقہ تمام خرابیاں دور ہونگی اور ان کی وجہ سے ٹریفک حادثات میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔ انہوں نے کمپنی حکام کو ہدایت کی کہ عوام خصوصا کمرشل گاڑیوں کے مالکان اور ڈرائیورز کے لئے آگہی مہم چلائی جائے جس سے اس سسٹم کی افادیت اور ضرورت کے بارے میں رہنمائی فراہم کی جائے ۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ محمد جہانزیب کھچی نے مزید کہا کہ ٹریفک پولیس، سیکرٹری آرٹی اے ساہیوال اور موٹر وہیکلز ایگزامینر کے باہمی رابطے کو بھی بہتر بنایا جا رہا ہے جس سے سڑک پر آنے والی گاڑیوں کے فٹنس معیار میں بہتر ی آئے گی۔ سنٹر انچارج ندیم اسلم نے بتایا کہ ساہیوال سنٹر میں روزانہ 440گاڑیوں کی فٹنس چیکنگ کی سہولت موجود ہے ۔