فیصل آباد (آن لائن) روس کیلئے پاکستانی برآمدات بڑھانے کیلئے حکومتی سطح پر کئے جانیوالے اقدامات کیساتھ ساتھ بزنس ایسوسی ایشن فار کو آپریشن ود پاکستان (بی اے سی پی )بھی اپنا بھر پور کردا ر ادا کریگی جبکہ اس سلسلہ میں مارچ میں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری سمیت ملک بھر کے چھ اہم چیمبرز میں معلوماتی اور آگاہی سیمینار منعقد کئے جا رہے ہیں۔ یہ بات بی اے سی پی کے صدر جواد الرحمن سلہری نے ایسوسی ایشن کے ایک وفد کے ہمراہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر رانا محمد سکندر اعظم خاں سے ملاقات کے دوران بتائی۔ اس موقع پر ایسوسی ایشن کے ڈائریکٹر فاضل قادر مرزا ، ثقافت فار ایور کے منیجنگ پارٹنر معیز الرحمن اور ڈائریکٹر ٹیکنیکل بلال مصطفی بھی موجود تھے ۔ جواد الرحمن نے بتایا کہ روس معاشی طور پر ایک بہت بڑی اور اہم مارکیٹ ہے جبکہ روسی سرمایہ کار پاکستان کے ساتھ مشترکہ منصوبے شروع کرنے میں بھی گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بدقسمتی سے پاکستان نے ایک اہم مارکیٹ کو نظر انداز کیا ہوا تھا جبکہ 2سال قبل ہی ماسکو میں حامد ناصر کو پاکستان کا ٹریڈ منسٹر مقرر کیا گیا ہے جو دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کو بڑھانے کے سلسلہ میں انتہائی متحرک ہیں۔جواد الرحمن نے بتایا کہ وہ کافی عرصہ سے روس میں کاروبار کر رہے ہیں ۔