مکرمی! میں آپ کے موقر روزنامہ کی وساطت سے حکومتِ پنجاب کے ارباب اختیار و اعلیٰ حکام کی توجہ چند مندرجہ ذیل امور کی جانب دلانا چاہتا ہوں۔ چوک سوتر مل سٹاپ مین جی ٹی روڈ لاہور کینٹ ضلع لاہور کے مقام پر ٹریفک کی آمدورفت کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے ایک روڈکٹ بنایا گیا ہے۔ یہ روڈکٹ کسی طرح بھی عوام الناس کے لیے فائدہ مند نہیں ہے۔ اس خطرنک اور خوفناک روڈکٹ کی وجہ سے روزانہ کی بنیاد پر خطرناک اور خوفناک ٹریفک حادثات ایک معمول بن چکے ہیں اور ان ٹریفک حادثات میں کئی قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو چ کی ہیں اور کئی افراد شدید زخمی ہو کر زندگی بھر کے لیے معذور ہو چکے ہیں۔ خوفناک روڈکٹ پر ٹریفک پولیس کی کوئی عملداری نہیں ہے اور نہ ہی چوک سوتر مل سٹاپ لاہور کینٹ ضلع لاہور کے اس روڈکٹ کے مقام پر ٹریفک اشارے نصب نہیں کئے گئے ہیں۔ لوگ چوبیس گھنٹے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرتے رہتے ہیں۔ میری حکومت پنجاب کے ارباب اختیار و اعلیٰ حکام سے گزارش ہے کہ وہ فوری طور پر اور ہنگامی بنیادوں پر اس ’’خوں روڈکٹ‘‘ کو کنکریٹ کے بڑے بڑے بلاک رکھ کر بند کریں۔ (شہزاد احمد شیخ،لاہور کینٹ)