لاہور(سپورٹس رپورٹر)پی سی بی نے آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز کے لئے قومی سکواڈ کا اعلان کردیا ہے ۔ لیفٹ ارم اسپنر آصف آفریدی اور وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث قومی اسکواڈ کا حصہ بن گئے ہیں۔ دونوں کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر قومی سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے ۔آصف آفریدی نے حال ہی میں مکمل ہونے والے ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے 5 میچز میں 8 وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ محمد حارث نے 5 میچز میں 166 رنز اسکور کیے تھے ۔ دوسری طرف انجری کے باعث بینو قادر ٹرافی سے باہر ہونے والے محمد نواز بھی فٹنس کے بعد ٹیم میں شامل ہیں ۔دونوں ٹیموں میں 29 مارچ سے تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا آغاز ہوگا۔ 5 اپریل کو واحد ٹی ٹونٹی میں آمنے سامنے ہوں گی ۔اعلان کردہ ون ڈے سکواڈ میں کپتان بابراعظم، شاداب خان نائب کپتان، عبداللہ شفیق، آصف آفریدی، آصف علی، فخر زمان، حیدر علی، حارث رؤف، حسن علی، افتخار احمد، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، سعود شکیل، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دھانی اور عثمان قادر شامل ہیں۔ٹی ٹونٹی ٹیم میں کپتان بابراعظم، شاداب خان نائب کپتان، آصف آفریدی، آصف علی، فخر زمان، حیدر علی، حارث رؤف، حسن علی، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد حارث، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دھانی اورعثمان قادر شامل ہیں۔