اسلام آباد ( خبر نگار خصوصی،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امورڈاکٹر شہباز گل نے کہاہے شہباز شریف کے پاس ایم بی بی ایس کی نہیں میاں بیوی بچوں سمیت کرپشن کی ڈگری ہے ،ان کا بچنا اس لیے مشکل ہے انکے خلاف ٹھوس اور تحریری ثبوت ہیں ۔ شہباز شریف کی ضمانت کے معاملہ پر مسلم لیگ ن جھوٹ بول رہی ہے ، عدالتی فیصلے کو غلط رنگ نہ دیا جائے ، عدالتی فیصلے اور عدالتوں کا احترام کرتے ہیں، تحریک انصاف کسی فیصلے پر اثر انداز نہیں ہوتی۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہامریم اورنگزیب نے شہباز شریف کی ضمانت کے فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا،تاثر دیا جا رہا ہے پہلے فیصلہ کچھ تھا اب تبدیل ہوا،من پسند چینلز سے ضمانت کی خبرچلوائی گئی ،لیگی قیادت کا جھوٹ سامنے آگیا ۔اب وہ رو پیٹ رہے ہیں کہ شہباز شریف کوضمانت نہ ملنا ظلم ہے ، 1990میں شہباز شریف کے اثاثے اکیس لاکھ تھے ، 1998میں یہ ڈیڑھ کروڑ ،2008سے اٹھارہ تک سات ارب ہوگئے ،حمزہ شہبازکے اثاثے 2001 میں ایک کروڑ تھے ،اب 53 کروڑ ہوگئے ،ٹی ٹیزبراہ راست ابا کے بجائے بیٹے کے اکاؤنٹ میں آتی تھیں، حمزہ شہباز کے اکاؤنٹ میں 23 ٹی ٹیز آئیں،سلمان شہباز کے اکاؤنٹ میں ڈیڑھ ارب ٹی ٹیز سے آیا،شہباز شریف کی ضمانت کیلئے زائد عمر کا جواز گھڑا گیا،پنجاب کی جیلوں میں1103 ضعیف ترین افراد ہیں ،اگرشہباز شریف بوڑھے ہیں تو ان 1103 افراد کا کیا قصور ہے ۔ 1990میں نواز شریف کے خاندان نے لوٹا ،2008سے 2018تک شہباز شریف فیملی نے لوٹا،جہانگیر ترین نے تحریک انصاف میں بہت محنت کی ہے ،وزیر اعظم کے سامنے چیلنج ہے ، اپوزیشن پہلے جہانگیرترین کے احتساب نہ کرنے کا طعنہ دیتی رہی اوراب اس پر واویلا کر رہی ہے ،شوگر کمیشن کی رپورٹ کے بعد سو فیصدٹیکس میں اضافہ ہوا۔ٹویٹ میں مشیرداخلہ واحتساب مرزاشہزاداکبرنے کہاہے یہ واضح ہو چکا کہ شہباز شریف کی مبینہ ضمانت کا فیصلہ عدالت نے نہیں ،سچ یہ ہے کہ دونوں ججز کا اتفاق نہیں ہو سکا لیکن چیف جسٹس کو اس بات کی تحقیق ضرور کرنی چاہئے کہ جب عدالتی کاروائی جاری تھی تو کچھ چینلز نے ضمانت کی پیشگی خبر کس کے ایما پر چلائی،لیگی وکلا اور رہنما کیسے ججز سے فیصلہ سنے بغیر گھنٹوں قوم کو گمراہ کن بھاشن دیتے رہے ،شہباز شریف کی نکی جئی ہاں کیلئے بے تابی تو سمجھ میں آتی ہے لیکن لیگی معزز وکلا کی بے ایمانی سمجھ نہیں آتی۔