اسلام آباد(نیٹ نیوز)وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی سالگرہ پر ان کے خلاف نامناسب ٹویٹ کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔فواد چودھری نے مودی کی سالگرہ کا ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ 'آج کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ خاندانی منصوبہ بندی کے طریقوں پر عمل کیوں ضروری ہے ۔اس ٹویٹ کے سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر پاکستانی صارفین نے فواد چودھری کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔کسی نے سوال کیا کہ کیا واقعی فواد چوہدری کا اکاؤنٹ مزاحیہ نہیں؟جبکہ کسی نے فواد چودھری کو حکومت میں ان کا عہدہ یاد دلایا۔ایک ٹوئٹر صارف نے درخواست کی کہ فواد کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پابندی عائد کی جائے ، ایک صارف نے ان پر سکول کے بچوں کی طرح برتاؤ کرنے پر تنقید کی۔