راولپنڈی( آن لائن،این این آئی) وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کو416 ارب روپے خسارے کی ذمہ دارپی پی ، ن لیگ کی حکومتیں ہیں۔ پاکستان میں برطانوی ایئرلائن کی پروازوں کی آمد سے قبل ان کے سکیورٹی خدشات دور کردیئے گئے ، 11 سال بعدبرٹش ایئرویز کی پہلی پرواز اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 3جون کی صبح 9 بج کر 25 منٹ پر پہنچے گی اور اسی روز صبح 11 بج کر 30 منٹ پر لندن کیلئے روانہ ہوجائے گی۔گزشتہ روزاسمبلی چیمبر میں صحافیوں سے گفتگو میں وفاقی وزیرغلام سرورخان نے کہا کہ اسلام آباد ایئرپورٹ کے فنل ایریا کو 10 کلومیٹر سے بڑھا کر 20 کلومیٹر کردیا گیا،اوپن سکائی پالیسی سے خسارے کے باعث پاکستان نے مختلف ایئرلائنز کے ساتھ 98 معاہدوں پر نظر ثانی کا فیصلہ کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ طیاروں کی کمی کی وجہ سے قومی ایئرلائن کو مشکلات کا سامنا ہے لیکن تحریک انصاف کی حکومت پی آئی اے کے 416 ارب روپے کے خسارے کو کم کرنے کیلئے مثبت طریقے سے کام کررہی ہے ۔وفاقی وزیرنے قومی ایئرلائن ہیڈکوارٹرزکو کراچی سے اسلام آباد منتقل کئے جانے کی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ 70 فیصد سفری کاروبار ملک کے شمالی زون کی جانب منتقل ہوچکا ہے لہذا کراچی سے اسلام آباد انتظامی حکام کا سفر ایئرلائن پر بوجھ ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فضائی حدود کی بندش بھارت کیلئے زیادہ نقصان دہ ہے ۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ہماری صرف 2 پروازیں بھارتی فضائی حدود استعمال کرتی ہیں جبکہ یورپ جانے والی اکثر بھارتی پروازیں پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرتی تھیں،وفاقی وزیرنے کہا کہ قومی ایئرلائن کو اپنی سروس بہتر کرنی ہے ، حکومت نئی ایوی ایشن پالیسی کے تحت پی آئی اے کے طیاروں کی تعداد میں اضافے کی منصوبہ بندی کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جن 2 سیاسی جماعتوں نے 3 مدتوں تک ملک میں حکومت کی وہ قومی ایئرلائن میں مالی بحران کی ذمہ دار ہیں۔ دریں اثناوفاقی وزیر غلام سرور خان نے گزشتہ روز راولپنڈی کے مختلف سکولوں کے دورے کے دوران صحافیوں سے گفتگو میں کہا ہے کہ تعلیمی نظام میں بہتری لانا ہماری حکومت کے منشور کا اہم حصہ ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول مور گاہ، بوائز ایلیمنٹری سکول چکلالہ تھری کی اپ گریڈیشن کی جارہی ہے ،وفاقی وزیرنے کہا کہ عوام کی سہو لت کے لئے راولپنڈی میں 16 سستے بازاروں کا انعقاد کیا گیا ہے جس کیلئے کروڑوں روپے کی سبسڈی دی گئی ہے ۔