کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں جمعرات کوبھی تیزی کا تسلسل برقرار رہا اورکے ایس ای100انڈیکس 76.24پوائنٹس اضافے سے 37243.29پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیاجبکہ57.72فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں 14 ارب 19 کروڑ روپے بڑھ گئے اورکاروباری حجم بھی بدھ کی نسبت22.12فیصدزائدرہا۔ گذشتہ روز پرافٹ ٹیکنگ رجحان کے تحت فروخت کے دباؤ کے باعث کاروبار کا آغاز منفی زون میں ہوا، ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای100انڈیکس 36129پوائنٹس کی نچلی سطح پر بھی آ گیاتاہم بعد ازاں فوڈز، توانائی، اسٹیل،سیمنٹ،ٹیلی کام،کیمیکل اورفرٹیلائزرسمیت دیگرمنافع بخش سیکٹرکی پرکشش قیمتوں پرخریداری کے نتیجے میں مندی کے اثرات زائل ہوگئے اوردوران ٹریڈنگ کے ایس ای100انڈیکس37506پوائنٹس کی بلندسطح پر پہنچ گیاتاہم سیاسی افق پر بے یقینی کی کیفیت کے باعث انڈیکس مذکورہ سطح پر برقرارنہ رہ سکالیکن تیزی کا رجحان غالب رہا اورمارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس76.24پوائنٹس اضافے سے 37243.29پوائنٹس پر بندہوا۔اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس1.85پوائنٹس اضافے سے 17314.62 پوائنٹس،کے ایم آئی30انڈیکس158.71پوائنٹس اضافے سے 60732.97پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئر انڈیکس39.23پوائنٹس اضافے سے 26439.91پوائنٹس پربندہوا ۔ گزشتہ روزمجموعی طور پر 395کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا،جن میں سے 228کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ، 150 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ17کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔