کوئٹہ ( سٹاف رپورٹر) کوئٹہ کے علاقے پشتون آباد مسجد رحمانیہ میں ہونے والے دھماکے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں نامعلوم افراد کیخلاف درج کرلیا گیا، قتل، اقدام قتل اور انسداد دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئیں ، شہدا کو سپرد خاک کر دیا گیا، شہر کی فضا سوگوار رہی، زخمی ہونے والے میں سے 6 سول اور 2 بی ایم سی اسپتال میں زیر علاج ہیں، باقی کو ڈسچارج کردیا گیا، پشتون آباد مسجد کے خطیب شہید مولانا عبدالرحمن کے فرزند مولانا رحمانی نے پارلیمانی سیکریٹری مبین خلجی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا رحمانیہ مسجد میں تخریب کاری سے متعلق پیشگی اطلاع تھی، پولیس نے سیکیورٹی فراہم نہیں کی، دھمکی رمضان المبارک کے پہلے ہفتے ملی تھی، پولیس کو دھمکی سے متعلق آگہی دی گئی تھی، پولیس نے موقف اختیار کیا کہ اپنی سیکیورٹی کا خود انتظام کریں۔ مبین خلجی نے کہا غفلت ثابت ہونے پر پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔