اسلام آباد (راجہ کاشف/سٹاف رپورٹر) میئر اسلام آباد انصر عزیز کی شاہ خرچیاں عروج پر پہنچ گئی ہیں،22ملازم گھرپر تعینات کررکھے ہیں جبکہ 4گاڑیاں زیراستعمال ہیں، ہزاروں لٹرفیول(ایندھن) ہرماہ خرچ کیاجارہاہے تاہم چارسال میں شہر کی تعمیر وترقی کیلئے کوئی بھی سکیم نہیں لاسکے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی اداروں کے قیام کے بعد شہر کی حالت ابتری کا شکار ہے ادارے تحلیل ہونے کے باعث اسلام آباد میں صفائی کانظام مفلوج ہوگیا جبکہ دیہی علاقوں میں ترقیاتی سکیمیں پچھلے چارسالوں میں شروع نہیں ہوسکی ہیں، اسلام آبادمیں پانی کی فراہمی بحرانی شکل اختیار کرچکا ہے تاہم وسائل کی کمیابی کا رونا رونے والے لیگی میئرشیخ انصر عزیز کی شاہ خرچیاں اپنے عروج پرہیں۔ شیخ انصر عزیزکی خدمت کیلئے سرکارکے 22ملازم ان کے گھرپر تعینات ہیں جبکہ انکے زیر استعمال 4 گاڑیاں ہیں جن کیلئے 5 ڈارئیور تعینات ہیں ،3 مالی ان کے اور ان کے عزیز وں کے گھروں میں تعینات ہیں،3 باروچی ان کے گھر پر سرکاری طورپر تعینات ہیں،6سکیورٹی گارڈز اور مجاہدفورس کے 2 جوان جبکہ ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ سروس کا ایک اہلکار بھی ان کے ساتھ ڈیوٹی کررہاہے ۔ ڈی ایم اے ، فائر، ہیلتھ کے شعبوں سے 5ڈرائیورز کو ان کے ساتھ لگایا گیا جو24 گھنٹے ان کی ڈسپوزل پر ہیں، انہیں ہرماہ سرکاری گاڑیوں کیلئے 00 12 سے 1500لٹر پٹرول جاری کیا جا رہاہے ۔ذرائع کے مطابق شیخ انصر عزیز کے قریبی عزیز رشتہ داروں کے پاس بھی انوائرمنٹ کے یومیہ اجرت پرکام کرنے والے ملازمین تعینات ہیں جو اگرڈیوٹی کرنے سے انکار کرتے ہیں تو میئر انہیں فوری طورپر ملازمت سے برخاستگی کے بھی احکامات جاری کر دیتے ہیں، میئر کا عہدہ سنبھا لے شیخ انصر عزیز کو4 سال گزرچکے ہیں تاہم انہوں نے شہری ودیہی علاقوں میں کوئی کام نہیں کرایا۔