اسلام آباد،کراچی،نوڈیرو (مانیٹرنگ ڈیسک،سٹاف رپورٹر،نامہ نگار ) پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم عمران خان کے اقوام متحدہ میں خطاب پر ردعمل میں کہا ہے وزیراعظم کا خطاب سن کر مایوسی ہوئی،انہوں نے مسئلہ کشمیر صحیح طور پر نہیں اٹھا یا ،اگر مسئلہ کشمیر حل کرنا ہے تو عمران خان کو گھر جانا پڑے گا ۔ایک ٹویٹ میں انہوں نے الیکشن ٹربیونل بلوچستان ہائیکورٹ کی جانب سے ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی قاسم سوری کوڈی سیٹ کرنے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاہے قومی اسمبلی میں لفظ سلیکٹڈ پر پابندی لگانے والے ڈی سیٹ ہوگئے ،سچ کو دبایا نہیں جاسکتا، جلد تمام سلیکٹڈ لوگوں کو جانا ہوگا۔ ٹوئٹر پیغام میں انہوں نے کہا قاسم سوری کے حلقہ انتخاب کے 65 ہزار ووٹوں کی تصدیق نہ ہوسکی۔ بلاول بھٹو زرداری کے نوڈیرو ہائوس میں قیام کے دوران پیپلز پارٹی کی ذیلی تنطیموں کے کارکنان سے ملاقاتیں اور پارٹی رہنمائوں کے ساتھ اجلاس جاری رہے ۔ بلاول نے ذیلی تنظیموں کے کارکنان کی تجاویز اور شکایات کو سنا اور فوری عملدرآمد کے احکامات بھی جاری کیے ۔ کارکنان سے خطاب میں انہوں نے کہا تحریک انصاف کی حکومت غریب کی دشمن ہے ، اٹھارویں آئینی ترمیم کو ختم کرنا چاہتی ہے جو ہم ہرگز کرنے نہیں دیں گے ، اب لاڑکانہ سے جواب آنا چاہئے کہ ہمیں سلیکٹڈ حکومت قبول نہیں، پیپلزپارٹی غربت کا خاتمہ کرتی ہے جبکہ پی ٹی آئی اور جی ڈی اے غریب کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ ہم ملک میں جمہوریت چاہتے ہیں، پیپلز پارٹی نے جمہوریت کی خاطر شہید بھٹو اورشہید بی بی کی قربانی دی ہے ، ہمارا قصور یہ ہے کہ ہم عوام کو طاقتور بنانا چاہتے ہیں، ہماری حکومت نے پنشن میں اضافہ کیا، فوجی جوانوں اور پولیس سمیت دیگر سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا، بلاول نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ جمیل سومرو کو کامیاب کریں کیونکہ وہی میرا امیدوار ہے ۔