اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہاہے کہ آئینی طور پر حکومت کی تبدیلی میں کوئی حرج نہیں،حکومت کی تبدیلی میں غیرملکی سازش کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا، سازش میں اپوزیشن کے تمام لوگ ملوث نہیں،سازش میں سیاسی کرداروں کے علاوہ میڈیا کے کچھ لوگ بھی شامل ہیں ،عمران خان آخری گیند تک مقابلہ کرنے والے کھلاڑی ہیں،میر جعفر اور میرصادق جیسے کرداروں سے ایسٹ انڈیا کمپنی نے اپنے پاؤں جمائے ،ہم قطعی طور پر ملکی حاکمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے ۔ جمعرات کو وزیراعظم کی زیرصدارت پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیراطلاعات نے کہا اپوزیشن دھمکی آمیز خط کے مندرجات دیکھنے سے بھی انکاری ہے ،ہم یہ نتیجہ اخذ کرنے پر مجبور ہیں کہ عمران خان کو ہٹانے کی عالمی سازش کی گئی۔ انہوں نے کہاکہ یہ لڑائی عمران خان کی نہیں ،ملکی خودمختاری اور عوام کی ہے ۔ وزیراطلاعات نے کہاملکی خودمختاری کے لئے سٹینڈ لینے والوں کو قیمت چکانا پڑتی ہے ۔انہوں نے کہاعمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے ۔ وفاقی وزیرحماد اظہر نے کہا دھمکی آمیز خط تحریک عدم اعتماد سے پہلے کا ہے ،بیرونی طاقت سمجھتی ہے کہ عمران خان کو ہٹانا ضروری ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہا حالات کے تسلسل سے واضح ہے کہ اپوزیشن سیاہ تاریخ رقم کررہی ہے ،بیرونی قوت کو اعتماد ہے کہ حکومت بدلنے سے خودمختار خارجہ پالیسی تبدیل ہوگی۔ انہوں نے کہا قوم ثابت کرے گی کہ ملکی سلامتی و خودمختاری کے لئے عمران خان کے شانہ بشانہ ہیں۔علاوہ ازیں فواد چودھری نے ایک ٹویٹ میں کہا خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں تحریک انصاف اپوزیشن پر مکمل حاوی ہے ۔ انہوں نے کہا ن لیگ کا مکمل صفایا ہوا ہے اور جمعیت بہت پیچھے ہے ۔