لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )پنجاب فوڈ اتھارٹی نے صوبہ بھر میں تھری، فور اور فائیو سٹار ہوٹلز کی چیکنگ مہم کا آغاز کر دیا گیا ۔پنجاب بھر میں 27 بڑے ہوٹلوں کی چیکنگ کے دوران 2 ہوٹل سیل،5 کوایک لاکھ 10ہزار کے جرمانے جبکہ 19ہوٹلوں کو مزید بہتری کے لئے وارننگ نوٹس جاری کر دیئے ، لاہورمیں 9، فیصل آباد میں 5، ملتان 1، راولپنڈی 5، گوجرانوالہ 5 اور سیالکوٹ میں 2 ریسٹورنٹس کی چیکنگ کی گئی۔زائدالمیعاد کھوئے ، چیز، کھلے ملاوٹی مصالحہ جات اورگلی سڑی سبزیوں کے استعمال پر2 ہوٹلز کو سیل اور5 کوبھاری جرمانے عائدکیے گئے ۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ گلی سڑی مچھلی،ناقص سٹوریج، زائدالمعیاد گوشت،مصالحہ جات، فنگس لگے ناریل اور خراب سوجی کی بھاری مقدار برآمد ہونے پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔کیپٹن (ر) محمد عثمان کا مزید کہنا تھا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز اور یکساں میرٹ پر کارروائیاں کر رہے ہیں۔