اسلام آباد؍ نیویارک (سپیشل رپورٹر؍ ندیم منظور سلہری) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ فیصلہ حق میں ہویا خلاف، عدلیہ کی تعظیم سب پرلازم ہے ، یہی جمہوریت کو مضبوط کرنے کا طریقہ ہے ۔ وزیراعظم سے گزشتہ روز اٹارنی جنرل خالدجاویدخان نے ملاقات کی جس میں اٹارنی جنرل نے وزیر اعظم کو اہم کیسز کے حوالے سے بریف کیا۔اس موقع پر عمران خان نے کہا میرے دل میں عدلیہ کا بے انتہا احترام ہے ۔وزیراعظم نے اٹارنی جنرل سے کہا کہ عدلیہ کی جانب سے رہنمائی کے لئے ان کے شکر گزار ہیں۔علاوہ ازیں عمران خان نے اکنامک اینڈ سوشل کونسل فورم سے ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے کہا فورم سے افتتاحی خطاب میرے لئے اعزا ز کی با ت اورباعث مسرت ہے ، پاکستان بھی دنیا کی طرح کورونا کی تیسری لہر کا سامنا کررہاہے ، پاکستان نے سمارٹ لاک ڈائون کی پالیسی اختیار کی جو انتہائی کامیاب رہی۔ انہوں نے کہاکہ یہ فورم ترقی پذیر ممالک کی معاشی اور سماجی حالت سدھارنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے ، ترقی پذیر ممالک کیلئے ہنگامی مالیاتی ریلیف فراہم کیاجائے ،وبا کی روک تھام کیلئے ویکسی نیشن کے عمل میں ترقی پذیرممالک کی مدد کی جائے ۔ مزیدبرآں وزیر اعظم کے زیر صدارت وفاق کی طرف سے سندھ کے اضلاع کے لئے ترجیحی ترقیاتی پیکیج کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل ، وفاقی وزراء حماد اظہر، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، اسد عمر، عمر ایوب خان شریک تھے ۔وزیراعظم کے زیرصدارت انفارمیشن ٹیکنالوجی روڈ میپ کے حوالے سے بھی اجلاس ہوا۔ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا خصوصی ٹیکنالوجی زونز کے قیام کا مقصد انفارمیشن ٹیکنالوجی کی صنعت سے منسلک کمپنیوں کو سہولت فراہم کرنا ہے ۔انہوں نے مزید کہا پاکستان 60 کی دہائی میں ترقی کے حوالہ سے علاقہ کے ممالک کیلئے ایک مثال تھا، سابقہ حکومتوں نے نظام کو تباہ کیا اور بالخصوص آئی ٹی کے شعبہ کو نظر انداز کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی پالیسیوں سے آئی ٹی کا شعبہ ترقی کرے گا کیونکہ پاکستان میں وسائل اور ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں۔دریں اثنا وزیر اعظم نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی اپنے وطن سے محبت اور وابستگی بے مثال ہے ، کورونا کی وبا کے باوجودبیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے تمام ریکارڈ توڑتے ہوئے مسلسل 10 ماہ تک ماہانہ 2 ارب ڈالر سے زائد کی ترسیلات زر کیں، مارچ میں ترسیلات زر بڑھ کر 7 2.7 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 43 فیصد زیادہ ہیں، اس مالی سال میں اب تک بیرون ملک سے ترسیلات زر میں 26فیصد اضافہ ہوا ہے جس پر ہم بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے شکر گزار ہیں۔وزیراعظم نے ایک اور ٹویٹ میں کہا حکومت نے اصلاحاتی عمل میں ایک اور سنگ میل عبورکرلیا ،پاکستان سنگل ونڈوایکٹ2021 لاگو کردیا گیا جس کے تحت درآمدات اور برآمدات کی راہ ہموار ہوگی ، سنگل ونڈوایکٹ لاگو ہونے سے سالانہ 500 ملین ڈالر اور تجارتی سامان کی ترسیل کے وقت میں بچت ہوگی۔انہوں نے کہا کسٹمز، بنک، بندرگاہ حکام، شپنگ کمپنیاں، بروکرز جیسے محکموں کوہم آہنگ کیاجائے گا اور آزاداتھارٹی پاکستان سنگل ونڈوآپریشن کاانتظام دیکھے گی،پاکستان سنگل ونڈو ملک کے تجارتی مرکز بننے کے امکانات کو کھولے گا۔